پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان چین اور امریکا کے درمیان پل کا کردار ادا کر سکتا ہے اور ماضی میں بھی یہی کردار نبھایا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اپنے حالیہ بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے چین اور امریکا کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی میں پاکستان کے تاریخی کردار پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے کہا کہ کچھ ممالک ان عالمی طاقتوں کے درمیان کشیدگی سے اپنے مفادات حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پی پی پی چیئرمین نے کہا، “چین اور امریکا کے تعلقات پر ہمارا نقطہ نظر منفرد ہے۔ اگر بھارت خود کو چین کے خلاف کھڑا کرتا ہے تو خطے میں طاقت کا توازن بگڑ سکتا ہے۔
امریکا اس صورتحال میں پاکستان اور بھارت کے درمیان تجارتی اور سفارتی مکالمے کی بحالی میں کردار ادا کر سکتا ہے۔”
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ “پاکستان اور بھارت کو غربت اور بے روزگاری جیسے مشترکہ مسائل کا سامنا ہے۔ پاکستان اپنی علاقائی سیکورٹی کے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرے گا۔ ہمارا مقصد خلیج کو بڑھانے کے بجائے دوریاں کم کرنا ہے۔”
انہوں نے ملک کی موجودہ معاشی صورتحال پر شدید تنقید کرتے ہوئے اسے پاکستان کی تاریخ کا بدترین معاشی بحران قرار دیا۔
بلاول بھٹو نے مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے مہنگائی میں کمی کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکمران جماعت زمینی حقائق کو نظر انداز کر رہی ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ پیپلز پارٹی وفاقی حکومت میں شامل ہونے کے باوجود قومی امور پر اپنی آزادانہ پالیسی برقرار رکھے گی۔