اسلام آباد (سیّد یاسین ہاشمی): برطانیہ میں اسکواش کی جونیئر اوپن 2020ء چیمپین شپ جاری ہے جس کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں کی طرف سے جاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا۔
برطانوی شہر برمنگھم میں پاکستان کی طرف سے جونیئر چیمپین شپ میں حارث قاسم، حمزہ شریف، اسد اللہ خان، انس علی شاہ، نور زمان، ولید خلیل، عبداللہ نواز، محمد عماد اور محمد حمزہ خان حصہ لے رہے ہیں۔
انڈر 13 مقابلوں کے راؤنڈ 1 میں پاکستان کے عبداللہ نواز نے 5/8 سے کرسچن کپیلا نامی امریکی کھلاڑی کو شکست دی۔ انہوں نے حریف کو 12-10، 13-11، 8-11، 12-10 سے شکست دی۔
دوسرے راؤنڈ میں عبداللہ نواز نے ملائشیا کے عاقل مرزا کو 11-6، 11-7، 11-6 سے شکست دی جبکہ انڈر 15 میں بھی شاندار کارکردگی کا مظاہرہ ہوا۔
انڈر 15 مقابلوں میں محمد عماد نے برطانیہ کے اولیور کولچر کو ہوم گراؤنڈ پر 11-3، 12-10، 11-2 سے شکست دی جبکہ راؤنڈ 2 میں انس علی شاہ نے انگلینڈ کے پامر ڈویل کو شکست دی۔
انس علی شاہ نے حریف پامر ڈویل کو 11-6، 11-6 اور 11-6 سے شکست دی جبکہ دوسری جانب حمزہ خان نے نیدر لینڈز کے گائیڈو لنڈر کو 11-3، 11-2 اور 11-1 سے شکست دی۔
انڈر 17 مقابلوں میں اسد اللہ خان نے کینیڈا کے عثمان خان کو 11-3، 11-8، 11-8 سے شکست دی جبکہ ولید خلیل نے برطانیہ کے کیرن ماہونی کو 11-3، 11-2 اور 11-2 سے ہرایا۔
راؤنڈ 2 میں آئرلینڈ کے ڈینس گلوسکی نے ولید خلیل کو 11-6، 11-2، 13-11 سے شکست دی جبکہ نور زمان نے کینیڈا کے امین خان کو 11-8، 11-8 اور 11-9 سے شکست دی۔
انڈر 19 مقابلوں میں پاکستان کے حمزہ شریف نے سزچ ری پبلک کے لوبس والٹر کو 11-6، 11-6 اور 11-4 سے شکست دی جبکہ حمزہ شریف میکس فورسٹر سے ہار گئے۔
میکس فورسٹر نے حمزہ شریف کو 9/16 سے شکست دی۔ انہوں نے 8-11، 5-11 اور 10-12 کے اسکور سے حمزہ شریف کو ہرایا۔
دوسری جانب حارث قاسم نے ٹیلر کیرک کو 33/64 سے ہرایا۔ انہوں نے مقابلوں کے دوران 11-6، 11-8، 8-11 اور 11-12 سے اپنے حریف کو شکست دی۔
چیمپین شپ کے راؤنڈ 1 اور 2 کے بعد راؤنڈ 3 اور 4 کے میچز میزبان ملک برطانیہ میں آج کھیلے جائیں گے جن کے دوران پاکستانی کھلاڑیوں سے مزید اچھی کارکردگی متوقع ہے۔