اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے عوام سے براہ راست بات چیت کے دوران کہا کہ پاک فوج اور تحریک انصاف نے ملک کو یکجا کیا ہوا ہے۔
عوام کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو کہتاہوں کہ خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے، سازش کے خلاف سب کو احتجاج کرناچاہیے۔
وزیراعظم نے نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، اس وقت پاکستان کے مستقبل کی جنگ ہے، قوموں کی زندگی میں مشکل وقت آتے ہیں، ہمیں درست راستے کا انتخاب کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ قوم تباہ ہوجاتی ہے جس میں اچھے اور برے کی تمیز ختم ہوجائے،قوم نے آج فیصلہ کرنا ہے کہ ملک کو کس طرف لے کر جانا ہے، اللہ تعالیٰ کا حکم ہے کہ اچھائی کیساتھ اور برائی کیخلاف کھڑے ہو، جو معاشرہ اچھائی کا ساتھ دیتا ہے وہ زندہ ہوجاتا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ نوجوانوں کو کہتاہوں کہ خاموش رہنے کا وقت نہیں ہے، سازش کے خلاف سب کو احتجاج کرناچاہیے، نوجوانوں کو اپنے مستقبل کے لیے باہر آنا پڑے گا، کیا باہر کی قوت 15ارب روپے خرچ کرکے حکومت گرادے گی۔
انہوں نے کہا کہ آج بیرونی سازش کے تحت سیاستدانوں کی بکروں کی طرح نیلامی ہورہی ہے، اگر نوجوان چپ بیٹھیں گے تو وہ برائی کا ساتھ دیں گے، نوجوانوں کو چاہیے کہ اپنے مستقبل کیلئے احتجاج کریں۔
انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو اس قسم کی چیزوں سے تکلیف ہوتی ہے، وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ سارے ڈاکو اپنی چوری چھپانے اور این آر او کے لئے یہ سب کررہے ہیں۔
مزید پڑھیں: ترین گروپ کا پنجاب کے وزیر اعلیٰ کیلئے حمزہ شہباز کی حمایت کا اعلان