پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر خواتین کی قومی کرکٹ ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے ایونٹ میں شریک نہ پونے کا اعلان کردیا۔
چیئرمین پی سی بی محغسن نقوی نے لاہور کے قدافی اسٹیڈیم میں ویمن کرکٹ ٹیم کی کھلاڑیوں سے ملاقات کی اور انہیں بہترین پرفارمنس پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم ورلڈکپ کھیلنے بھارت نہیں جائےگی۔
محسن نقوی نے کہا اس حوالے سے پاک بھارت معاہدہ موجود ہے اب میزبان ملک کی ذمہ داری ہے کہ وہ بتائے میچ کہاں کھیلنا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے علاوہ کسی بھی ملک میں کھیلنے کو تیار ہیں، بھارت فیصلہ کرے گا اسے کہاں کھیلنا ہے۔
انہوں نے آئی سی سی ویمنز کرکٹ ورلڈکپ کے لیے کوالیفائی کرنے پر ٹیم کو مبارک باد بھی دیتے ہوئے ان کی کارکردگی کو سراہا اور انعام کا اعلان بھی کیا۔
چیئرمین پی سی بی نے ویمن ٹیم سے گفتگو میں امید ظاہر کی کہ ورلڈکپ میں ایسی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھیں گی۔