کراچی میں 2 روز قبل شروع ہونے والا مون سون بارشوں کا چوتھا اسپیل آج بھی جاری ہے جس کے دوران کراچی کے شہریوں کو بارش کی تباہ کاریوں سے بچانے کیلئے پاک فوج نے ریلیف آپریشن شروع کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی ہدایت کے مطابق پاک فوج نے شہرِ قائد میں شہریوں کو مسائل سے نکالنے کیلئے ریلیف آپریشن شروع کردیا ہے۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق عسکری امدادی ٹیمیں بارش سے متاثرہ علاقوں کی بحالی کیلئے کام کر رہی ہیں۔
شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق مزید بھی کسی ہنگامی صورتحال یا اربن فلڈنگ کا سامنا کرنے کیلئے پاک فوج کی اضافی ریسکیو ٹیمیں کارروائی کیلئے تیار ہیں۔ ڈی واٹرنگ پمپس اور حفاظتی سامان کے ساتھ شہریوں کی مدد کیلئے کام جاری ہے۔نشیبی علاقوں، سڑکوں اور گلیوں سے پانی نکالنے کا کام جاری ہے۔
یاد رہے کہ کراچی میں گزشتہ روز کی موسلادھار بارش کا پانی ابھی تک سڑکوں پر موجود ہے جس کے بعد آج بارش ایک بار پھر شروع ہو گئی۔
شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں صبح کے وقت سے ہی وقفے وقفے سے بوندا باندی اور کسی قدر تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے جس کے دوران سڑکوں میں کھڑے ہوئے پانی میں اضافہ ہو رہا ہے۔
مزید پڑھیں: گزشتہ روز کا پانی سڑکوں پر موجود، بارش ایک بار پھر شروع