پاک افغان دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہیں، شاہ محمود قریشی

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

پاک افغان دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہیں، شاہ محمود قریشی
پاک افغان دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہیں، شاہ محمود قریشی

اسلام آباد:وزیرخارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین دوطرفہ تعلقات مضبوط بنانے کیلئے پر عزم ہیں، الزام تراشیوں پر مبنی منفی بیانات، افغان امن عمل اور دو طرفہ تعلقات کو متاثر کر سکتے ہیں۔

افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے۔اسپیکر افغان ویلوسی جرگہ میر رحمان رحمانی نے وزارتِ خارجہ میں وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی۔

ملاقات میں دو طرفہ تعلقات،افغان امن عمل سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیاگیا۔اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقتصادی تعاون تنظیم کی پارلیمانی اسمبلی کی دوسری جنرل کانفرنس میں شرکت کیلئے پاکستان آمد پر افغان اسپیکر کو خوش آمدید کہا۔

وزیر خارجہ نے کہاکہ پاکستان اور افغانستان یکساں تاریخی، مذہبی اور ثقافتی اقدار کی بنیاد پر ایک دوسرے کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کی روشنی میں دونوں ملکوں کے مابین دو طرفہ تعلقات کو مضبوط اور مستحکم بنانے کیلئے پر عزم ہیں۔

انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی روابط کا فروغ، دو طرفہ تعلقات کو مستحکم بنانے کیلئے اہمیت کا حامل ہے۔وزیر خارجہ نے افغان امن عمل میں پاکستان کی مخلصانہ کاوشوں کا حوالہ دیتے ہوئے۔

جامع مذاکرات کے ذریعے افغان مسئلے کے دیرپا سیاسی حل کی ضرورت پر زور دیا۔شاہ محمود قریشی نے کہاکہ الزام تراشیوں پر مبنی منفی بیانات، افغان امن عمل اور دو طرفہ تعلقات کو متاثر کر سکتے ہیں،افغان امن عمل سمیت خطے میں قیام امن کیلئے اپنی کاوشیں بروئے کار لاتے رہیں گے۔

وزیر خارجہ نے افغان مہاجرین کی باوقار اور جلد وطن واپسی کیلئے عالمی برادری کے تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔اسپیکر افغان ویلوسی جرگہ میر رحمان رحمانی نے افغانستان میں قیام امن کیلئے پاکستان کے مصالحانہ کردار کو سراہتے ہوئے، وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔

مزید پڑھیں:ملک مشکل حالات سے نکل آیا، اگلےسال شرح نمو مزید بہتر ہوگی، وزیراعظم

Related Posts