کراچی: جنوبی افریقا کے خلاف ہوم سیریز کو ایک چیلنج قرار دیتے ہوئے قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی فاسٹ بولر ڈیانا بیگ نے کہا ہے کہ سیریز کیلئے ابھی سے تیاریاں شروع کر دی ہیں۔
ڈیانا بیگ نے ایک انٹرویومیں کہا کہ جنوبی افریقا کے خلاف ہماری ہوم سیریز ایک چیلنج ہے، ہم ان کے خلاف کھیل چکے ہیں تاہم جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیم پہلی مرتبہ پاکستان آ رہی ہے، اس کیلئے ہم بہت پْرجوش اور سیریز کے منتظر ہیں۔
ڈیانا بیگ نے بتایا کہ اسکلز کیمپ میں اپنی کمزوریوں کو دور کرنے کیلئے کام کیا ہے، موسم کی وجہ سے مسائل پیدا ہوئے، زیادہ تر بارشیں ہوتی رہی ہیں تاہم جم میں فٹنس اور انڈور اسکول میں اسکلز پر کام کیا، آف سیزن میں ایسے کیمپ بہت ضروری ہوتے ہیں۔
سیزن جب شروع ہوتا ہے تو پھر کھلاڑیوں کو مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا۔ انہوں نے کہاکہ انفرادی طور پر میں نے کوشش کی ہے کہ اسی طرح بولنگ کروں جیسے میں میچز میں کرتی ہوں، سخت ٹریننگ کی اور زیادہ بوجھ ڈالا تاکہ مجھے میچز میں فائدہ ہو۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی افریقا کرکٹ ٹیم کی ویڈیوز دیکھ رہے ہیں، ہوم سیریز کی تیاری کے لیے ابھی سے کام کا آغاز کر دیا ہے، ان کے خلاف اچھا کھیلنے کی کوشش کریں گی۔
مزید پڑھیں:قومی ٹیم کے کھلاڑی عماد وسیم کا امریکی لیگ سے معاہدہ ہوگیا
واضح رہے کہ جنوبی افریقا کی ویمن کرکٹ ٹیم اگست، ستمبر میں کراچی میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز کھیلے گی یہ ان کا پہلا پاکستان کا دورہ ہے۔