اسلام آباد: ڈی جی ایف آئی اے کا حتمی حکم بھی سفارشی افسران کو عہدوں سے ہٹانے میں ناکام۔ لاہور میں ایف آئی اے افسران نے ابھی تک چارج سنبھال رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق 30 اپریل 2021ء کا روٹیشن پالیسی کے تحت کیا جانے والا حکم آج بھی بے اثر ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر طارق محمود کا تبادلہ انٹرپول ہیڈکوارٹر سے پنجاب زون میں کیاگیا تھا جنہوں نے ابھی تک حکم نہیں مانا اور اپنے موجودہ عہدے پر براجمان ہیں۔
شاہد مجید ایف آئی اے پنجاب زون لاہور سے ایف آئی اے اکیڈمی اسلام آباد کے لئے تبادلہ ہوا تھا مگر وہ تاحال لاہور میں اپنے عہدے پر براجمان ہے۔ اسسٹنٹ ڈائریکٹر نیر الحسن ترمذی ایف آئی اے پنجاب زون لاہور سے انٹرپول ہیڈکوارٹر اسلام آباد تبادلہ ہوا تھا مگر تاحال تک اپنے عہدے پر موجود ہیں۔
ذرائع کے مطابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر ہارون ملک نے بھی ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء کے حکم کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے لاہور میں اپنی سیٹ پر موجود ہیں۔ انہیں اے سی ڈبلیو رپورٹ کرنے کا حکم دیا گیا تھا۔
ایف آئی اے ذرائع کے مطابق مذکورہ افسران بااثر ہونے کے سبب اپنے اپنے عہدے پر موجود ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سفارشی افسران کے عہدے نہ چھوڑنے کے اصل ذمہ دار زونل ڈائریکٹرز ہیں۔
ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے واجد ضیاء نے واضح حکم دیا تھا کہ دو دن کے اندر تبدیل ہونے والے افسران کے عہدے چھوڑنے اور نئی جگہوں پر رپورٹ کرنے کے حوالے سے تصدیقی سرٹیفکیٹس جاری کریں۔