پاکستان کی جانب سے جاری آپریشن “بنیان المرصوص”کے تحت ایک اہم پیش رفت میں بھارت کے علاقے راجوری میں واقع ایک خفیہ فوجی انٹیلی جنس ٹریننگ سینٹر کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا ہے۔
سیکورٹی ذرائع کے مطابق یہ مرکز مبینہ طور پر ان افراد کی تربیت کے لیے استعمال ہو رہا تھا جنہیں پاکستان کے اندر دہشت گردی کے لیے سرحد پار بھیجا جاتا تھا۔ اس حملے کو بھارتی خفیہ کارروائیوں پر کاری ضرب قرار دیا جا رہا ہے۔
پاکستانی فوجی ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ کارروائی انتہائی جدید گائیڈڈ میزائلوں کے ذریعے انجام دی گئی جس میں سول آبادی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ فوجی حکام کے مطابق یہ حملہ پاکستان کی جانب سے سرحد پار دہشت گردی کے خلاف واضح اور مؤثر پیغام ہے۔
بھارتی حکام کی جانب سے تاحال کوئی سرکاری بیان یا ردعمل جاری نہیں کیا گیا جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ یہ حملہ بھارت کے لیے غیر متوقع اور مؤثر تھا۔
یہ کارروائی پاکستان کی اُس وسیع مہم کا حصہ ہے جس کا مقصد کنٹرول لائن کے اطراف اور اس سے آگے دہشت گردی کے نیٹ ورکس اور انفراسٹرکچر کو ختم کرنا ہے، جنہیں پاکستان بھارت کی سرکاری سرپرستی میں چلائے جانے والے نیٹ ورکس قرار دیتا ہے۔
یہ حملہ نہ صرف فوجی لحاظ سے اہمیت رکھتا ہے بلکہ اس کا نفسیاتی اور خفیہ جنگی پہلو بھی بہت گہرا ہے۔
بھارت کے راجوری جیسے حساس علاقے میں ایک انٹیلی جنس بیس کو نشانہ بنا کر پاکستان نے ثابت کیا ہے کہ وہ نہ صرف دفاعی پوزیشن میں ہے بلکہ جارحیت کا مؤثر اور بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔