کراچی میں بیکری پر ڈکیتی میں مزاحمت پر فائرنگ کرکے بیکری مالک کے بھانجے کو زخمی کرنے والے 1 ملزم کو حراست میں لے لیا گیا ہے جبکہ دوسرا فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق رواں برس 29 نومبر کو کراچی کے علاقے گارڈن ایسٹ کے قریب ابرار بیکری میں ڈکیتی کے دوران بیکری مالک کے بھتیجے بشیر کو مزاحمت کرنے پر ملزمان نے گولی مار کر زخمی کردیا تھا۔
واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بائیک پر 2 ملزمان اور 1 زخمی لڑکا ساتھ موجود ہیں، ایس پی گلشن کی اسپیشل ٹیم اور ایس ایچ او سولجر بازار نے تکنیکی بنیادوں پر کامیاب کارروائی کی۔
کارروائی کے دوران بلال نامی ملزم فائر کرنے والے پستول سمیت گرفتار ہوگیا جس کا دوسرا ساتھی ارشد فرار ہوگیا جس کی تلاش جاری ہے۔ گرفتار ملزم نے تفتیش کے دوران بتایا کہ ہم کراچی کے مختلف علاقوں میں 40 کے قریب وارداتیں کرچکے ہیں۔
ملزم بلال کرسٹل اور آئس کا نشہ کرتا ہے جبکہ مجموعی طور پر یہ 7 افراد پر مشتمل ڈکیت گروہ کا رکن ہے جو نئی موٹر سائیکلیں چھینتے ہیں۔ پولیس نے باقی ملزمان کی تلاش شروع کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: سنگدل شخص نے فائرنگ کرکے بیوی اور 2 بیٹیوں کو قتل کردیا