کراچی کی 20 سڑکوں پر رکشوں کے داخلے پر 2 ماہ کے لیے پابندی عائد کردی گئی، کمشنر کراچی نے نوٹیفکیشن جاری کردیا۔
کمشنر کراچی نے شہر کی 20 سڑکوں پر رکشوں کے داخلے پر پابندی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا، پابندی ڈی آئی جی ٹریفک کی سفارش پر لگائی گئی ہے۔
کمشنر کراچی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق شاہراہ فیصل، شاہراہ قائدین، آئی آئی چندریگر روڈ، شیرشاہ سوری روڈ، شہید ملت روڈ، عبداللہ ہارون روڈ، دو تلوار شاہراہ فردوس، اسٹیڈیم روڈ، سرشاہ سلیمان روڈ، راشد منہاس، ماڑی پور روڈ، شاہراہ پاکستان، حب ریور روڈ، قائد آباد سے لانڈھی 89، یونیورسٹی روڈ، کورنگی روڈ، اورنگی روڈ، سپرہائی وے سے ملیر ہالٹ، سرجانی عبداللہ چوک کی سڑکوں پر 3 سیٹر اور 5 سیٹر رکشوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق رکشوں کے داخلے پر پابندی 2 ماہ کے لیے عائد کی گئی ہے جبکہ ٹریفک پولیس کو پابندی پر عملدرآمد کرانے کے لئے اختیارات دے دیے گئے ہیں۔
گزشتہ ماہ بھی 11 سڑکوں پر رکشوں کے داخلے پر پابندی عائد کی گئی تھی، کمشنر احکامات پر ٹریفک پولیس عملدرآمد کرانے میں ناکام نظر آئی، خود ساختہ روٹس پر ٹریفک روانی متاثر ہونے شکایات پر بھی پابندی عائد کی گئی۔