طالبان حکومت کی دوسری سالگرہ کے موقع پر آج 15 اگست کو افغانستان بھر میں یوم فتح منایا گیا، جس میں طالبان کمانڈرز، آفیشلز، مختلف کمیونٹیز کے رہنماؤں اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
فتح کابل کی دوسری سالگرہ کے موقع پر افغان حکومت جسے طالبان آفیشل طور پر امارت اسلامیہ افغانستان پکارتے ہیں، کی جانب سے پورے ملک میں تعطیل کا اعلان کیا گیا تھا۔ اس سلسلے میں افغانستان بھر میں ہونے والی یوم فتح کی سرگرمیوں کا تصویری احوال پیش خدمت ہے۔
دار الحکومت کابل میں وزارت دفاع کے ہیڈکوارٹر میں مرکزی تقریب منعقد ہوئی، جس میں افغان وزیر دفاع ملا یعقوب مجاہد نے بھی شرکت کی۔
کابل کی شاہراہوں پر عوام کی بڑی تعداد نے بائیکس ریلی کے ذریعے یوم فتح کے جشن میں حصہ لیا۔
قندھار یونیورسٹی میں بھی یوم فتح کے جشن کے سلسلے میں تقریب معنقد ہوئی، جس میں اہم طالبان رہنماؤں اور طلبہ اور اساتذہ نے شرکت کی۔
نیٹو فوج میں شامل برطانوی فوجیوں کے خلاف مزاحمت کے اہم مرکز صوبہ ہلمند میں یوم فتح کی ایک عوامی تقریب کا منظر
اہل تشیع کے اکثریتی صوبہ بامیان میں بھی یوم فتح کی تقریب معنقد کی گئی، جس میں اہل تشیع کے مذہبی رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔
شمالی صوبہ غور میں افغان فوج کے خصوصی دستوں نے اپنی حربی صلاحیتوں کے اظہار کے ساتھ یوم فتح کے جشن میں حصہ لیا۔
اس کے علاوہ صوبہ کاپیسا، فاریاب، مزار شریف، پروان، بدخشان سمیت افغانستان کے تمام صوبوں اور بڑے شہروں میں عوامی اور سرکاری تقریبات منعقد کی گئیں، جن میں عوام نے بیرونی افواج کے خلاف مزاحمت کی کامیابی کی دوسری سالگرہ پر قومی و ملی جوش و جذبے کا اظہار کیا۔