کراچی: کاروباری ہفتے کے آخری روز پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 235 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے کو ملی، جس کے نتیجے میں سرمایہ کاروں کا اعتماد کافی حد تک بحال ہوا۔
کاروباری ہفتے کے پہلے تین روز کے دوران عید الفطر کی چھٹیوں کے باعث گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں کاروبار کا آغاز ہوا تھا۔ گزشتہ روز ہی 100 انڈیکس میں 141 پوائنٹس کی کمی دیکھی گئی تھی۔ تاہم آج اسٹاک مارکیٹ میں شیئرز کی قیمتوں میں تیزی ریکارڈ کی گئی، جو اسٹاک مارکیٹ کے لئے نیک شگون ہے۔
آج کے دن 100 انڈیکس ایک موقع پر 34 ہزار کی نفسیاتی حد بھی آگیا تھا تاہم تیزی کا یہ تسلسل کاروبار کے اختتام تک برقرار نہ رہ سکا۔
پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروبار کے اختتام پر 100 انڈیکس 235 پوائنٹس کی تیزی دیکھنے کو ملی، جس کے بعد انڈیکس 33 ہزار 931 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
انٹر بینک اور اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہوگیا ہے، ڈالر ایک روپے 12 پیسے جبکہ اوپن مارکیٹ ایک روپے 70 پیسے مہنگا ہوگیا۔ انٹر بینک میں ایک روپے 12 پیسے اضافے سے ڈالر 163 روپے 10 پیسے پر، جبکہ اوپن مارکیٹ میں ایک روپے 70 پیسے مہنگا ہو کر 163 روپے 50 پیسے پر پہنچ گیا۔