کراچی:کامیڈی کے شہنشاہ پاکستان کے نامور فنکارعمر شریف 65 برس کے ہوگئے لیکن ان کا عزم آج بھی جواں ہیں اور وہ آج بھی اپنی کامیڈی سے ہر کسی کا دل موہ لیتے ہیں۔
عمر شریف 19 اپریل 1955 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہوئے انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1974 میں 14 سال کی عمر میں اسٹیج اداکاری سے کیا۔ 1980 میں پہلی بار انہوں نے آڈیو کیسٹ سے اپنے ڈرامے ریلیز کیے۔
عْمر شریف کی اداکاری سے بے ساختہ قہقہوں کا طوفان سا آجاتا ہے، ٹی وی، اسٹیج ایکٹر، فلم ڈائریکٹر، کمپوزر، شاعر، مصنف اورپروڈیوسر یہ تمام صلاحیتیں عْمر شریف کی شخصیت کی پہچان ہیں۔آج بھی کئی فنکار انہیں کاپی کرنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن عمر شریف کامیڈی میں کوئی ثانی نہیں۔
ساتھی فنکار کہتے ہیں کہ عْمر شریف اپنی ذات میں انجمن ہیں جن سے تمام کامیڈینز نے سیکھا ہے۔ اسٹیج و تھیٹر کی تاریخ عْمر شریف کے ذکر کے بغیر ادھوری ہے۔
نامور فنکار نے اپنی اداکاری کے ذریعے نہ صرف ملک بھر میں بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کیا۔