اسلام آباد:شہر اقتدار کے تھانہ گولڑہ کی حدود کے گاؤں جوڑی راجگان میں قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کا راج، علاقہ نو گو ایریابن گیا، پولیس بھی مذکورہ علاقے میں جانے سے کترانے لگی۔
علاقے کے ڈان راجہ جان کی اجازت کے بغیر میڈیا بھی اس علاقے میں نہیں جاسکتا۔ چند روز قبل ایم ایم نیوز نے جوڑی راجگان میں اس قبضہ مافیا اور منشیات فروشوں کیخلاف خبر شائع کی تھی اورمتعلقہ اداروں کی توجہ اس جانب مبذول کرائی تھی جس پروفاقی ترقیاتی ادارہ کے شعبہ انفورسمنٹ کے ڈپٹی ڈائریکٹر اوردیگر متعلقہ اداروں نے ایکشن لیتے ہوئے ریت اور اینٹوں کے تمام غیر قانونی ٹھیئے ختم کر دیئے۔
قبضہ مافیا نے سی ڈی اے کی اراضی پر قبضہ کرکے تعمیراتی میٹریل رکھا ہوا تھا اور ایک عرصہ دراز سے اراضی پر قابض تھے جو کہ آپریشن کے بعدواگزار کروالی گئی ہے، ڈپٹی ڈائریکٹر سی ڈی اے انفورسمنٹ کا کہنا ہے کہ علاقے میں غیرقانونی تعمیرات کیخلاف آپریشن ابھی مکمل نہیں ہوا۔علاقے میں غیرقانونی ڈھابے اور ہوٹل قائم کئے گئے ہیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر سی ڈی اے انفورسمنٹ نے کہا کہ ان تمام تعمیرات کو بھی آئندہ ہونے والے آپریشن میں مسمار کرکے اراضی واگزار کروالی جائے گی، سی ڈی اے نے تقریباً اپنا کام 70فیصد مکمل کرلیا ہے لیکن تھانہ گولڑا پولیس تاحال ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھی ہے۔
ذرائع کے مطابق پولیس اس قبضہ مافیا کو مکمل طور پر تھانے میں پروٹوکول دیتی ہے اور مبینہ طور پر سب کچھ علم میں ہونے کے باوجود مافیا کیخلاف کریک ڈاؤن کرنے سے گریزاں ہے، علاقے میں آئے روز چوری،ڈکیتی اور قتل کی وارداتیں معمول بن چکی ہیں۔
جوڑی راجگان کے رہائشی بشیر احمد کا کہنا ہے کہ اس علاقے کا کنگ راجہ جان ڈان ہے جس کی ایما پر تمام جرائم سرزد ہوتے ہیں اور پولیس ان تمام جرائم کی روک تھام کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے اور اس مافیا کو کھلی چھٹی دے رکھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہم متعدد بار آئی جی اسلام آباد، ڈی آئی جی اسلام آباد اور ایس ایس پی آپریشنز کو اس مافیا کیخلاف کارروائی کیلئے درخواستیں دے چکے ہیں لیکن تاحال اس مافیا کیخلاف کوئی بھی کارروائی عمل میں نہیں لائی جاسکی۔انہوں نے آرمی چیف اور اینٹی نارکوٹکس فورس کے سربراہ سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں بڑا آپریشن کرکے منشیات کے اسمگلروں اور ڈیلروں کا قلعہ قمعہ کریں۔