احتساب عدالت لاہور نے قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز کو اشتہاری قرار دے دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سمیت دیگر ملزمان کے خلاف منی لانڈرنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ ملزمہ نصرت شہباز کو دی گئی 30 روز کی مہلت مکمل ہوگئی ہے۔
ایسوسی ایٹ وکیل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اپوزیشن لیڈر کے وکیل امجد پرویز عدالتِ عظمیٰ اسلام آباد میں مصروف ہیں جس پر احتساب عدالت جج نے کہا کہ پھر تو کیس کی سماعت کبھی پوری نہیں ہوگی۔
معزز جج نے کہا کہ ملزمان ملزمان نیب کے گواہوں پر جرح کرنے کا فیصلہ 12 بجے تک کر لیں، جس کے بعد سماعت تھوڑی دیر کیلئے ملتوی ہوگئی۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل عدالت نے قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی شہباز شریف کے 4 قریبی رشتہ داروں کو اشتہاری قرار دے دیا تھا جن میں ان کی اہلیہ، بچے اور داماد شامل تھے۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی شہباز شریف کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت لاہور میں ہوئی۔
مزید پڑھیں: عدالت نے شہباز شریف کے 4 قریبی رشتہ داروں کو اشتہاری قرار دے دیا