اسلام آباد: دہشتگردی کی حالیہ لہر اور لڑکھڑاتی معیشت کے سد باب کے لیے وزیراعظم شہباز شریف نے قومی سلامتی کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا۔
وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اہم اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت شرکت کرے گی۔
اجلاس میں قومی سلامتی کمیٹی کو افغان سرحد کی صورتِ حال اور نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد سے متعلق بریفنگ دی جائے گی۔
وزیراعظم کی زیرِ صدارت اجلاس میں دہشتگردی کی حالیہ لہر اور اس کے تدارک کیلئے اقدامات پر بھی بریف کیا جائے گا جبکہ وزیر خزانہ اسحاق ڈار قومی سلامتی کمیٹی کو ملک کی معاشی صورتِ حال پر بریفنگ دیں گے۔
ایم کیو ایم اور پی ایس پی کے انضمام کی کوششیں تیز، پارٹی رہنماؤں میں ملاقاتیں جاری
یہ اجلاس ایسے وقت میں طلب کیا گیا ہے جب ملک کے کئی علاقے بالخصوص صوبہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان دہشت گردی کے نشانے پر ہیں۔ دارالحکومت اسلام آباد میں بھی ایک خودکش حملہ ہو چکا ہے۔
آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی وزیراعظم سے ملاقات سے قبل راولپنڈی میں دو روزہ کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی جس میں عزم ظاہر کیا گیا کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کی جائے گی۔
اطلاعات کے مطابق آج ہونے والے قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی منظوری دی جاسکتی ہے۔
قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں وزیراعظم، وزیر دفاع، وزیر داخلہ اور وزیراطلاعات کے علاوہ تینوں مسلح افواج کے سربراہان اور آئی ایس آئی چیف شرکت کریں گے۔