کراچی : صدر ایمپلائز فیڈریشن اسماعیل ستار نے کہا ہے کہ عام صارفین اور ڈوبتی صنعتوں کوبچانے کے لیے آئی پی پیز کاآڈٹ لازمی کیا جائے، ماضی کی حکومتوں نے آئی پی پیز کے لیے پالیسیوں پر پاکستان کے پائیدار مستقبل کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا۔
ایمپلائز فیڈریشن آف پاکستان کے صدر اسماعیل ستار نے انڈپینڈنٹ پاور پلانٹس کے فرانزک آڈٹ کا مطالبہ کرتے ہوئے نشاندہی کی ہے کہ گردشی قرضوں میں اضافے کی اصل وجہ آئی پی پیز کو روپوں کی بجائے ڈالر کے لحاظ سے ریٹ آف ریٹرن کی خودمختار ضمانتیں دینا ہے۔
ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ امریکی ڈالر کے مقابلے میں کمزور روپے کے ساتھ مجموعی طور پر 13سالوں میں نقصان حیران کن طور پر تقریباً4,802 ارب روپے کے برابر ہے لہٰذا ضروری ہے کہ مذاکرات کے کسی امکان کے بغیر مکمل طور پر فرانزک آڈٹ کر کے وصولیاں کی جائیں۔
ای ایف پی کے صدر نے کہاکہ بجلی کے شعبے سے متعلق انکوائری رپورٹ نے پاکستان کے توانائی بحران اور آئی پی پیز سے اس کے تعلق پر شدید بحث چھیڑ دی ہے۔2020
میں بجلی کی پیداواری صلاحیت تقریبا 35 ہزار میگاواٹ ہے لیکن اوسطاً توانائی کی طلب 19 ہزار میگاواٹ ہے کیونکہ صنعتیں اپنی پیدواری صلاحیتوں کے مطابق کام نہیں کر رہیں۔بجلی کی اضافی پیداوار کو آئی پی پیز کے پاور جنریٹرز میں رکھا گیا ہے جبکہ حکومت آئی پی پیز کو روپوں کی بجائے ڈالر میں ادا کرنے کی ذمہ دار ہے۔
انہوں نے کہاکہ توانائی کے نرخوں میں جارحانہ اضافہ امریکی ڈالر میں آئی پی پیز کو ضرورت سے زیادہ ادائیگی کا براہ راست نتیجہ ہے جس سے حکومت کے عوامی قرضوں میں بے پناہ اضافہ ہوجاتا ہے اور ان کے پاس نیپرا کے ذریعے اضافی ٹیرف کی صورت میں صارفین پر اس کا بوجھ ڈالنے کے سواء کوئی چارہ نہیں بچتا۔
اس کے نتیجے میں جب صارفین کو اس ناانصافی کا سامنا کرنا پڑتا ہے اوروہ کے الیکٹرک جیسی تقسیم کار کمپنیوں کو ادائیگی کی سکت نہیں رکھتے تو بجلی استعمال کرنے کے غیر قانونی طریقوں کا سہارا لیتے ہیں۔
ان عدم ادائیگیوں سے پیدا ہونے والا معاشی نقصان تقریباً12ارب روپے کے برابر ہے جبکہ گردشی قرضہ 128ارب روپے تک بڑھتا ہے جس سے اس شیطانی چکر کے تباہ کن معاشی اور معاشرتی اثرات کا بخوبی اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔
صدر ای ایف پی نے مزید کہاکہ سردیوں کے موسم میں جب بجلی کی طلب کم ہوتی ہے تو آئی پی پیز کم توانائی پیدا کرتے ہیں مگر پیداواری صلاحیت سے زیادہ چارجز کرتے ہیں۔
آئی پی پی کی رپورٹ میں بھی اس کی جھلک ملتی ہے جس میں مزید نشاندہی کی گئی ہے کہ پاور کمپنیاں حقیقت میں ایکویٹی پر بھاری ریٹرن حاصل کررہی ہیں جو 87 فیصد سے زیادہ ہے۔
اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ماضی کی حکومتوں نے آئی پی پیز کے لیے پالیسیوں پر فیصلہ کرتے وقت پاکستان کے پائیدار مستقبل کو ملحوظ خاطر نہیں رکھا اور آج اس کی وجہ سے صنعتیں شدید مشکلات سے دوچار ہیں لہٰذا تمام ذمہ داروں کو بلا کسی بھی پچھتاوے کے نکالنا ضروری ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت نے خام مال پر ڈیوٹی فری کر کے صنعتکاروں کے دل جیت لیے، نکاٹی