عروس البلاد کراچی کو رب ذوالجلا ل نے اپنی تمام تر نعمتوں کے ساتھ بیشمار انسان دوست شخصیات سے بھی نوازا ہے، کراچی میں عبدالستار ایدھی، رمضان چھیپا اور صارم برنی جیسے کئی ادارے شہریوں کی خدمت میں پیش پیش ہیں۔
کراچی میں آج انسانی خدمت کی بناء پر ایک نام زبان زد عام ہے اور وہ ہے ظفر عباس، کوئی بھی قدرتی آفت ہویا ناگہانی صورتحال، کورونا کی وباء ہو یا بیروزگاری ہر مشکل میں ظفر عباس دکھی انسانیت کی خدمت کرتے دکھائی دیتے ہیں۔
ایم ایم نیوز نے اپنے قارئین کیلئے جے ڈی سی کے روح رواں ظفر عباس سے گفتگو کا اہتمام کیا جس کا احوال نذر قارئین ہے۔
ایم ایم نیوز :جے ڈی سی ویلفیئر آرگنائزیشن کے اغراض و مقاصد کیا ہیں؟
ظفر عباس: سال 2009 ء اور 2010 ء میں اندرون سندھ دادو، بدین اور جہاں جہاں سیلاب نے تباہ کاریاں مچائیں تو ان علاقوں میں لوگوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام اس طرح نہیں ہورہا تھا جیسے ہونا چاہیے تھا، اندرون سندھ کے کئی حصے پانی میں ڈوب چکے تھے تو اس وقت ہم چند نوجوان وہاں متاثرین کیلئے راشن، کپڑے اورادویات لیکر متاثرہ علاقو ں میں گئے، وہاں کیمپس لگائے اور جراثیم کش ادویات کے اسپرے کئے ، لوگوں کو کھانا دیا ، ادویات فراہم کیں اور اس طرح ہم نے انسانی خدمت کے کام کا آغاز کیا جس نے بعد میں ادارے کی شکل اختیار کی۔
ایم ایم نیوز :سبطِ جعفر زیدی اور دیگر ساتھیوں کی شہادت نے آپ کی تحریک کو کتنا نقصان پہنچایا ؟
ظفر عباس: سبطِ جعفر زیدی ہی نہیں بلکہ ان کے بعد ہمارے شعبہ تعلیم کے سربراہ مولانا تقی ہادی اور پھر ہمارے 4 ایمبولینس ڈرائیوروں اوررضا کاروں کوشہید کیا گیا اور یہ سلسلہ جاری رہا لیکن انسانیت کی خدمت کا ہمارا مشن جاری و ساری ہے ، مشکلات کے باوجود یہ کاررواں جاری رہے گا۔
ایم ایم نیوز :کیا آپ آنے والے وقت میں سیاست میں قدم رکھیں گے ؟
ظفر عباس: آنیوالے وقت میں سیاست میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور عوام کی خدمت ہمارا نصب العین ہے ، ہم انسانیت کی خدمت کررہے ہیں اور اسی کو عبادت سمجھتے ہیں۔
ایم ایم نیوز :عیدِ قرباں کے موقع پر آپ نے 2500 روپے فی حصہ قربانی کا مقرر کیا ؟ عام طور پر قربانی کیلئے 10 سے 15 ہزار روپے فی حصہ لیے جاتے ہیں؟
ظفر عباس: ہم نے 25سو روپے حصہ اس لئے رکھا کہ ہر شخص قربانی میں حصہ لے سکے، قربانی کے بعد گوشت نہ صرف کراچی بلکہ سندھ بھر میں تقسیم کیا جاتا ہے۔
ایم ایم نیوز :کورونا کیلئے حسین لاکھانی ٹرسٹ کے ساتھ مل کر قائم کئے جانیوالے اسپتال کاکسی بڑے اسپتال سے موازنہ کیاجاسکتا ہے ؟
ظفر عباس: ہمارے اس کورونا فری اسپتال میں دیگر نجی اسپتالوں کی طرح وینٹی لیٹر، ادویات ،مشینری اور دیگر تمام سہولیات موجود ہیں اور یہاں اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم اور مخیر حضرات کے تعاون سے لوگوں کے علاج کا سلسلہ جاری ہے۔
ایم ایم نیوز :جے ڈی فاؤنڈیشن کے تحت کیا لوگوں کو ماہانہ مالی امداد یا راشن دیا جاتا ہے؟
ظفر عباس: ہمارا ادارہ ناصرف لوگوں کو راشن فراہم کرتا ہے بلکہ ہم غریب بہنوں بیٹیوں کی شادیوں کا اہتمام بھی کرتے ہیں، بچوں کے اسکولوں کی فیس ادا کرتے ہیں، اسکالر شپ کا بھی انتظام کیا جاتا ہے۔
ایم ایم نیوز :کوئی مستحق فرد آپ سے امداد حاصل کرنا چاہے تواس کا طریقہ کار کیا ہوگا؟
ظفر عباس: ہم ایک درخواست لیتے ہیں جس میں تمام احوال درج ہوتا ہے اوراس کاجائزہ لینے کے بعد امدادکی فراہمی کا سلسلہ شروع کردیا جاتا ہے۔
ایم ایم نیوز :کراچی میں صفائی مہم کا مقصد کیا ہے، کیا آپ پورے شہر کوصاف کرینگے ؟
ظفر عباس: ہمارا مقصد پورے کراچی کو صاف کرنا نہیں ہے بلکہ ہم نے بطور احتجاج صفائی مہم شروع کی ہے اور ہم اس مہم کے دوران باری باری علاقوں میں کام کررہے ہیں تاکہ حقیقی ذمہ داران کو اپنی ذمہ داریوں کا احساس دلایا جاسکے۔
جب ایک این جی او میں شامل ڈاکٹر، انجینئر، طلبہ اور رضا کار صفائی کرسکتے ہیں تو متعلقہ ادارے اپنی ذمہ داری کیوں پوری نہیں کرسکتے۔
آج سے 3 سال پہلے بھی ہم نے جنید جمشید شہید کے ساتھ ملکر صفائی مہم شروع کی تھی اور اس کا مثبت نتیجہ دیکھنے میں آیا تھا۔ اب بھی ہماری کوشش ہے کہ اداروں کو ذمہ داری کا احساس دلائیں تاکہ مسائل حل ہوسکیں۔