نیوزی لینڈ نے پاکستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی کرکٹ سیریز کیلئے ٹیم کا اعلان کردیا ہے مچل سینٹنر پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ کے دوران کیویز کی قیادت سنبھالیں گے۔
تفصیلات کے مطابق نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن ذاتی مصروفیات کے باعث ٹیم کی سربراہی کے فرائض سرانجام نہیں دے سکیں گے۔ فاسٹ باؤلر لوکی فرگوسن زخمی ہونے کے باعث ٹی ٹوئنٹی سیریز سے آؤٹ ہو گئے۔
کیویز کے اہم کھلاڑی ہمیش بینیٹ بھی اَن فٹ ہونے کے باعث نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی سیریز اسکواڈ کا حصہ نہ بن سکے۔ نیوزی لینڈ ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں مارٹن گپٹل، اسکاؤٹ کگلین، گلین فلپس، سودھی، ٹم سیفرٹ اور بلیئر ٹکنر شامل ہیں۔
ٹوڈ ایسٹل، ڈوگ بریسویل، مارک چیپمین، ڈیون کانوے اور جیک ڈفی بھی نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کا حصہ ہیں۔ نیوزی لینڈ کی ٹی ٹوئنٹی ٹیم مچل سینٹنر کی قیادت میں پاکستانی ٹیم کو ٹف ٹائم دینے کا ارادہ رکھتی ہے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے اوپنر شان مسعود نے کہا کہ امید ہے دورہ نیوزی لینڈ سے ٹیم رینکنگ میں بہتری کی جانب سفر کا آغاز ہوگا، ٹیسٹ رینکنگ کی پوزیشن پاکستان ٹیم کی صلاحیتوں کی عکاس نہیں۔
پریس کانفرنس کرتے ہوئے گزشتہ روز شان مسعود نے کہا کہ اس وقت ہم آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں ساتویں نمبر پر ہیں لیکن ہماری ٹیم اتنی بری نہیں ہے جتنی خراب ہماری رینکنگ ہے۔
مزید پڑھیں: دورہ نیوزی لینڈ سے ٹیم رینکنگ میں بہتری آئیگی۔شان مسعود