رواں ماہ 23 مارچ کو یومِ پاکستان کی تقریب منعقد ہونے والی ہے جس کی ریہرسل آج ہوگی، ریہرسل کے دوران راولپنڈی اسلام آباد کیلئے نیا ٹریفک پلان جاری کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق 23مارچ کے حوالے سے آج ہونے والی ریہرسل کے موقعے پر ٹریفک پلان جاری کردیا گیا ہے۔ آج صبح سے ریہرسل کے اختتام تک فیض آباد سے راولپنڈی اور اسلام آباد جانے والی سڑکیں ٹریفک کیلئے بند ہیں۔
مری روڈ سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک ڈبل روڈ چوک سے ڈائیورژن پوائنٹ براستہ اسٹیڈیم روڈ سے نائنتھ ایونیو اسلام آباد جا سکے گی۔ کرال چوک سے اسلام آباد آنے والی ٹریفک کھنہ پل سروس روڈ سے ہوتے ہوئے چونگی نمبر 8 سے راولپنڈی داخل ہوسکے گی۔
ٹریفک پلان کے مطابق مری روڈ سے اسلام آباد جانے والی ٹریفک کو نائنتھ ایونیو سے اسٹیڈیم روڈ کی طرف آنے کیلئے بھیجا جائے گا۔ نائنتھ ایونیو سے اسٹیڈیم آنے والی ٹریفک کو آئی جے پی روڈ کی طرف بھیجا جائے گا۔
آئی جے پی روڈ پرٹریفک ناکہ کٹاریاں اور کیرج فیکٹری سے راولپنڈی میں داخل ہوسکے گی۔ریہرسل کے دوران راولپنڈی شہر میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔ پبلک سروس اڈہ جات بھی مکمل طور پر بند کردئیے گئے۔
شہریوں کو کسی بھی قسم کی مشکل سے بچنے کیلئے ٹریفک پولیس سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ٹریفک پولیس کا کہنا ہے کہ شہری معاونت و رہنمائی کیلئے ٹریفک پولیس کے ریڈیو اسٹیشن 88.6اور ہیلپ لائن سے رابطہ کرسکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: وزیرِ اعظم ایک روزہ سرکاری دورے کیلئے آج لاہور پہنچیں گے