اسلام آباد: پاکستان میں ایک نئی نجی ائیر لائن اڑان بھرنے کیلئے تیار ہے جس کے آغاز سے ملک بھر میں شعبۂ سیر و سیاحت کو فروغ اور استحکام حاصل ہوگا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) نے نارتھ ائیر نامی ایک نجی ائیر لائن کو ٹی پی آر آئی لائسنس جاری کردیا ہے جو شعبۂ سیر و سیاحت کے فروغ کیلئے جاری کیا گیا۔
ابتدائی طور پر نجی ائیر لائن اسلام آباد سے گلگت، اسکردو، چترال اور گوادر تک فلائٹس آپریٹ کرے گی۔ ائیر لائن کا صدر دفتر نیو اسلام آباد ائیرپورٹ پر کام کا آغاز کرچکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: رواں برس کے پہلے 10 ماہ میں بیرونی سرمایہ کاری میں 32 فیصد کمیؓ
وفاقی حکومت ملک بھر میں شعبۂ سیر و سیاحت کو فروغ دینے کیلئے پر عزم ہے۔ قومی ائیر لائن (پی آئی اے) نے بھی لاہور سے شمالی علاقہ جات تک براہِ راست فلائٹس کا اعلان کیا ہے۔
قومی ائیر لائن (پی آئی اے) کے مطابق کراچی سے اسکردو ہفتہ وار 2 پروازیں آپریٹ کی جائیں گی جن کا مقصد سیر و سیاحت کے شوقین پاکستانی شہریوں کو سہولت مہیا کرنا ہے۔
رواں برس فروری کے دوران یہ خبر بھی سامنے آئی تھی کہ پاکستان بھر میں شہر سے شہر پروازوں کیلئے 2 نئی ائیرلائنز جلد کام شروع کردیں گی۔ کیو ائیر لائنز، فلائی جناح اور جیٹ گرین نامی ائیر لائنز پہلے ہی سی اے اے کو درخواست دے چکی ہیں۔
اس حوالے سے کیو ائیر لائنز اور فلائی جناح کی اسکروٹنی کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے تاہم جیٹ گرین ائیر لائنز کی جانچ پڑتال جاری ہے۔ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد نجی ائیر لائنز کو لائسنس جاری کیا جائے گا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل وفاقی حکومت یہ اعلان کرچکی ہے کہ نوجوانوں کو روزگار دینا ملک کا سب سے بڑا مسئلہ ہے۔ سیاحت کے فروغ سے بےروزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتا ہے۔
جہلم کے قلعہ نندنہ کے تاریخی البیرونی مقام پر ثقافتی ورثے (ہیریٹج ٹریل) کا افتتاح کرتے ہوئے رواں برس 28 فروری کے روز وزیر اعظم نے کہا کہ آنے والی نسلوں کو اپنی تاریخ کا علم ہونا چاہئے۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے کہا کہ دنیا بھر کی اقوام اپنے تاریخی مقامات کو محفوظ رکھتی ہیں، تاریخی مقامات کی حفاظت سے آنے والی نسلوں کو آگہی ہوتی ہے، ماضی میں ہمارے آثار قدیمہ کے ماہرین نے اس سلسلے میں کام نہیں کیا۔
مزید پڑھیں: سیاحت کے فروغ سے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے،وزیر اعظم