اگر آپ کسی سے پوری شدت کے ساتھ محبت کریں تو پوری کائنات اسے آپ سے ملانے میں لگ جاتی ہے۔ کسی کو یہ جملہ بتایا جائے تو ذہن میں سب سے پہلا نام شاہ رخ خان کا گونجے گا اور روم کوم نیٹ فلکس سیریز کی ایسی ہی قسم ہے جس کی مقبولیت یکسانیت کے باوجود بڑھتی چلی گئی ہے۔
روم کوم یعنی رومینٹک کامیڈی اور اسی قسم کی ایک نیٹ فلکس سیریز نوباڈی وانٹس دِس بھی ہے جس کا ترجمہ کریں تو کوئی ایسا نہیں چاہتا بنے گا، جس میں انسانی نفسیات کا استعمال کیا گیا ہے کہ جس ویڈیو کو نہ دیکھنے کا کہا جائے، لوگ اسے ضرور دیکھتے ہیں اور نوباڈی وانٹس دِس کا مطلب ہے آپ اسے ضرور دیکھیں۔
اگر ہم اس کی کہانی کی بات کریں تو کہانی میں ایک خاتون اور ربی کے درمیان انوکھا تعلق دکھایا گیا ہے جس میں ابتدائی طور پر دونوں ہی شک کرتے ہیں کہ کیا وہ واقعی ایک دوسرے کیلئے درست انتخاب ہیں؟ تاہم وقت کے ساتھ ساتھ ان کے درمیان محبت کا رشتہ پنپنے لگتا ہے۔
مرکزی کردار کرسٹن بیل اور ایڈم بروڈی کی اداکاری جاندار ہے۔ دونوں کے مابین کیمسٹری کی بھی تعریف کی جارہی ہے اور ان کی جذباتی وابستگی بھی ناظرین کو بہت پسند آئی ہے۔ نوح کا کردار ایک غیر روایتی ربی کا ہے جو ذاتی زندگی میں لوگوں سے عام انسان کی طرح کا سلوک کرتا ہے۔
دوسری جانب جوابن ایک پوڈ کاسٹ کی میزبان ہے جو غیر آرام دہ ہوسکتی ہے۔ کہانی کے مزاحیہ عناصر میں جوابن کے خاندان کی عجیب و غریب حالت اور نوح کے والدین کا اپنے بیٹے کی پرانی گرل فرینڈ کو پسند کیے جانا، یہ سب مل کر کہانی میں دلچسپ عناصر کو مزید جاندار بنا دیتے ہیں۔