اسکوئڈ گیم دی چیلنج ایک ایسا رئیلٹی شو ہے جس کے دوسرے سیزن کیلئے آن لائن اسٹریمنگ پلیٹ فارم نیٹ فلکس نے حال ہی میں منظوری دی۔
تفصیلات کے مطابق اسکوئڈ گیم دی چیلنج کے فائنل پروگرام میں 55 سالہ خاتون مائی ویلن اسکوئڈ گیم کا اعزاز جیتنے میں کامیاب رہیں جس کے بعد نیٹ فلکس نے شو کے دوسرے سیزن کی منظوری دی۔
نومبر کے دوران اسکوئڈ گیم، دی چیلنج نے 2 کروڑ سے زائد نیٹ فلکس صارفین کی توجہ حاصل کی جس کی فاتح مائی ویلن ویتنام کی پناہ گزین ہیں جو انتہائی نامساعد حالات کے باعث امریکا منتقل ہوگئی تھیں۔
پروگرام کی فاتح مائی ویلن نے امریکی نیوی میں 20 سال کی خدمات اور وزارت داخلہ کے سکیورٹی کے شعبے میں بطور ثالث خدمات انجام دینے کے بعد اسکوئڈ گیم دی چیلنج کا 4اعشاریہ 56 ملین ڈالرز کا اعزاز اپنے نام کیا۔
ٹی وی انڈسٹری میں نیٹ فلکس کی جانب سے دیا جانے والا یہ انعام تاریخی اعتبار سے سب سے زیادہ ہے جبکہ اسکوئڈ گیم دی چیلنج کے 456 حقیقی امیدوار تھے جبکہ یہ رئیلٹی شو اوریجنل نیٹ فلکس سیریز کی طرح مہلک نہیں۔
دلچسپ طور پر اسکوئڈ گیم دی چیلنج جیتنے کیلئے امیدواروں کو بہت سے دلچسپ کھیل کھیلنے پڑے۔ ہر گیم میں کھلاڑیوں کو اپنی جسمانی حدود و قیود کو چیلنج کرنا تھا جبکہ اس دوران گروپ گیمز کے تصور پر بھی توجہ دی گئی۔