اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے جنوری میں بجلی کے بریک ڈاؤن پر اپنی رپورٹ جاری کردی۔
چیئرمین نیپرا نے 9 جنوری کو ملک بھر میں بجلی بریک ڈاؤن کا سخت نوٹس لیا تھا اور ڈی جی انفورسمنٹ اینڈ مانیٹرنگ کی سربراہی میں 3 رکنی انکوائری کمیٹی بنائی تھی جس میں دو ممبران نجی شعبے سے لیے گئے تھے۔
اس حوالے سے نیپرا کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جنوری میں بجلی بریک ڈاؤن گڈو پاور پلانٹ میں خرابی کے باعث آیا اور یہ فالٹ گڈو پاور پلانٹ میں 220 کے وی کے سرکٹ بریکرز کو بند کرنے کے دوران آیا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ گڈو پاور پلانٹ میں آنے والا فالٹ 220 اور 500 کے وی کے ترسیلی نظام تک پھیل گیا تھا۔
واضح رہےکہ 9 جنوری کو ملک بھر میں بجلی کے بریک ڈاؤن پر اپوزیشن نے حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا تھا اور حکومت نے اس کا ذمہ دار گزشتہ حکومت کو قرار دیا تھا۔ جب کہ وفاقی وزیر توانائی پہلے ہی اس فالٹ کے بارے میں بتا چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: بیرونی سرمایہ کاری میں گذشتہ سال کی نسبت 78 فیصد کمی ہوئی، اسٹیٹ بینک