لندن: مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم نے اپنا سیاسی سرمایہ داؤ پر لگا کر پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا جبکہ ملک کو برے دن دکھانے والوں کا احتساب ضرور کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ آئندہ عام انتخابات میں یقینی طور پر ہمیں کامیابی ہوگی، اتنی تلخیاں نہیں ہونی چاہئیں تھیں، حمزہ شہباز اور مریم نواز سمیت دیگر رہنماؤں اور کارکنان نے جرم کیے بغیر جیلیں بھگتیں۔
اسیر پی ٹی آئی رہنما عباد فاروق کا بیٹا عمار انتقال کرگیا
بیان میں سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ ملک کا یہ حشر کرنے والے لوگ کون ہیں؟ آج غریب کو روٹی میسر نہیں، پاکستان کو اس حال تک پہنچانے والا کون ہے؟ہمارے یہ حالات 2017 میں نہیں تھے، آٹا، چینی اور گھی سستے داموں دستیاب تھے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے دور میں جو شخص 1000روپے بجلی کا بل بھرتا تھا، آج کل 30ہزار روپے ادا کررہا ہے۔ عوام بجلی کے بل کہاں سے ادا کریں؟قوم کو اس حالت تک پہنچانے والے کردار اور چہرے ہم سب کے سامنے آگئے ہیں۔
نواز شریف نے کہا کہ ہمارا احتساب تو ایک منٹ میں ہوجاتا ہے، ہم نے پاکستان کو ایٹمی قوت بنایا، ملک کو جوہری قوت بنانے والے کو جلا وطن کیا جاتا ہے، جیل میں ڈالا جاتا ہے، دہشت گردی عدالت 27سال کی سزا سناتی ہے، کیا ملکی دفاع ناقابلِ تسخیر بنانا میرا جرم تھا؟