لاہور: پی ٹی آئی چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف حکم دے رہا ہے کہ عمران خان کو نااہل کیا جائے،نواز شریف کا سب کچھ بیرون ملک ہے تو یہ پاکستان کے کیسے فیصلے کر سکتا ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کارکنوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کا ریکارڈ ہے وہاں کے لوگ کسی جماعت کو دوسری بار حکومت نہیں بنانے دیتے لیکن تحریک انصاف نے پھر حکومت بنائی۔
عمران خان نے کہا کہ 2011 میں مینار پاکستان جلسہ دیکھ کر الیکٹ ایبل نے پی ٹی آئی میں آنا شروع کیا، نواز شریف آج تک مینار پاکستان میں جلسہ نہیں کر سکے۔
سابق وزیر اعظم نے کہا کہ اگر ای وی ایم آ جاتی ہے تو 90 فیصد دھاندلی ختم ہو جائے گی، دوسال کوشش کرتا رہا ای وی ایم کو لایا جائے، تمام جماعتوں اور ان کے ہینڈلرز نے نہیں آنے دی۔
2013 کے الیکشن میں دھاندلی کی گئی، ہم نے تب صرف چار حلقے کھولنے کا مطالبہ کیا تھا، چار حلقے کھلے تو ان میں دھاندلی ہوئی تھی، مسلم لیگ (ن) کا ریکارڈ ہے اپنے امپائروں کے بغیر میچ نہیں کھیل سکتے۔
عمران خان نے کہا کہ جن معاشروں میں انصاف ہے وہاں محنت کرنے والے اوپر آتے ہیں، پاکستان کے سسٹم میں کرپٹ لوگ پیسہ بناتے ہیں، مغرب میں چوروں کو این آر او نہیں دیا جاتا بلکہ سزا ملتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاشرے میں انصاف ہونے سے لوگ آزاد ہو جاتے ہیں، اگر انصاف ہو گا تو کوئی طاقت ور جرم نہیں کرے گا، برطانیہ میں شہزادوں کو بھی قانون توڑنے پر جرمانہ ہو جاتا ہے۔
گزشتہ ایک سال میں 9 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ کر جا چکے ہیں، پاکستانی سرمایہ کار بھی ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں، ملک کی خوشحالی کیلئے ایک چیز ہے انصاف۔
مزید پڑھیں:میں نے کونسا کشمیر بیچا ہے؟ ثاقب نثار کا آڈیو لیک پر رد عمل
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان میں سب سے زیادہ پیسے والے لوگ اسمبلیوں میں بیٹھے ہوئے ہیں، یہاں قانون کی حکمرانی نہیں ہے، جنرل (ر) باجوہ نے ان چوروں کو اپنی ایکسٹینشن کیلئے مسلط کیا۔