کراچی:سینئر سیاستدان اور بزنس مین زاہد اعوان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ فوج پاکستان کی سلامتی اور استحکام کی ضامن ہے، فوج آئینی ادارہ ہے اور اس آئینی حیثیت میں وہ حکومت کے ساتھ جو تعاون کرتا ہے وہ بھی آئینی عمل ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوازشریف اس آئینی عمل کی مخالفت کر کے آئین شکنی کے مرتکب ہوئے ہیں جو قابل افسوس بھی ہے اور قابل مذمت بھی۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف ہر وہ کام نہ کریں جو بانی متحدہ کرتے رہے ہیں، بانی متحدہ کے نقش قدم پر چلتے ہوئے وہ ان کا انجام بھی اپنے ذہن میں رکھیں۔
زاہد اعوان نے کہا کہ ابھی کچھ ہی دن پہلے آرمی چیف نے بھارت کے خطرناک عزائم کو بھانپتے ہوئے پاک فوج کو بھی جنگی تیاریاں تیز کرنے کا حکم دیا تھا اور عین اس دوران نوازشریف کی طرف سے اپنی ہی فوج کے خلاف اعلان جنگ ملک دشمنی کی بدترین مثال ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارتی ذرائع ابلاغ نے نوازشریف کے فوج دشمن بیان پر جس طرح شادیانے بجائے ہیں اور ان کو ہاتھوں ہاتھ لیا ہے اس سے ثابت ہوگیا ہے کہ ماضی کی طرح آج بھی وہ بھارت کے ہاتھوں میں کھیل رہے ہیں۔
زاہد اعوان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو آج کشمیریوں کی بھی یاد آ گئی ہے حالانکہ جب وہ وزیراعظم تھے اور بھارت روزانہ کنٹرول لائن پر بمباری کر کے بے گناہ کشمیریوں کو شہید کر رہا تھا تو نوازشریف نریندر مودی کے ساتھ پگڑیاں بدل رہے تھے اور اس کے گھر والوں کو ساڑھیاں بھجوا رہے تھے۔