اسلام آباد: وطنِ عزیز پاکستان میں انسانی حقوق کے تحفظ کو اوّلین ترجیح قرار دیا گیا، جبکہ بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947ء کی تاریخی تقریر کی یاد میں اقلیتوں کا قومی دن آج منایا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق حکومتِ پاکستان نے آج سے 11 سال قبل 2009ء میں فیصلہ کیا کہ قائدِ اعظم محمد علی جناح کی 11 اگست 1947ء کو کی گئی تقریر کی روشنی میں اقلیتوں کا قومی دن ہر سال منایا جائے گا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اقلیتوں کے قومی دن کے موقعے پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا کہ ہمیں چاہئے کہ تمام تر مذہبی و نسلی تعصبات کو بالائے طاق رکھیں اور مساوات کی بنیاد پر صبر و تحمل، مساوات اور افہام و تفہیم کو فروغ دیتے ہوئے وطنِ عزیز میں اپنی اپنی زندگیاں گزاریں۔ ہر پاکستانی ہم وطن شہریوں کا خیال کرے۔
اقلیتوں کے قومی دن کے موقعے پر صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بسنے والے تمام تر ہندو، مسیحی اور دیگر مذاہب سے تعلق رکھنے والے شہریوں کو مساوی حقوق دئیے جائیں گے جنہیں بنیادی انسانی حقوق اور ترقی کرنے کے مساوی مواقع دئیے جائیں گے جو ملکی ترقی کیلئے ضروری ہے۔
واضح رہے کہ 11 اگست 1947ء میں کی گئی تاریخ ساز تقریر میں بابائے قوم قائدِ اعظم محمد علی جناح نے یقین دلایا کہ پاکستان کا ہر شہری اپنے مندر، مساجد یا جس بھی عبادت گاہ میں جانا چاہتا ہے، وہاں جانے کیلئے آزاد ہوگا۔ مذہب اور رنگ و نسل کی بنیاد پر ریاستِ پاکستان کوئی تفریق نہیں کرے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مندر کی تعمیر پر ردِ عمل، قائدِ اعظم کا قول بیان کردیا گیا