کراچی: پی ٹی آئی رہنما عمران اسماعیل کے استعفے کے بعد وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم (پاکستان) کی سینئر رہنما نسرین جلیل کو گورنر سندھ مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کی قیادت نے وزیر اعظم شہباز شریف کو گورنر سندھ کے عہدے کیلئے 5 ناموں کی تجویز دی جن میں نسرین جلیل کے علاوہ عامر خان، عامر چشتی، وسیم اختر اور کشور زہرہ شامل تھے۔
مختلف شہروں میں آج سے موسم شدید گرم رہے گا۔محکمۂ موسمیات
ناموں کی تجویز موصول ہونے پر وزیر اعطم نے ایم کیو ایم رہنما نسرین جلیل کو گورنر سندھ بنانے کی منظوری دیتے ہوئے سمری صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ارسال کردی ہے۔ صدر کی منظوری کے بعد نسرین جلیل کو گورنر سندھ مقرر کیا جائے گا۔
صدرِ مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے منظوری کے بعد نسرین جلیل سندھ میں کم و بیش 47برس بعد پہلی خاتون گورنر ہوں گی۔ سابق خاتونِ اوّل رعنا لیاقت علی خان نے 1973 سے لے کر 1975 تک گورنر سندھ کے طور پر خدمات سرانجام دیں۔
رعنا لیاقت علی خان کو ملکی تاریخ میں بے شمار اعزازات حاصل ہیں جبکہ نسرین جلیل نے لاہور میں جنم لینے کے بعد اپنی تمام تر زندگی کراچی میں بسر کی۔ برطانیہ اور فرانس کے دورے کرچکی ہیں۔ اردو، انگریزی کے علاوہ فرنچ بھی جانتی ہیں۔
سابق سینیٹر نسرین جلیل دو مرتبہ ایوانِ بالا کی رکن رہی ہیں۔ 90ء کی دہائی میں ایم کیو ایم کے خلاف آپریشن کے دوران نسرین جلیل قید و بند کی صعوبتیں بھی اٹھا چکی ہیں۔ 6 ماہ تک قید کے بعد انہیں گھر پر نظر بند کیا گیا تھا۔
نسرین جلیل نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق کی چیئر پرسن بننے کا اعزاز 2بار حاصل کیا اور پارلیمانی پلیٹ فارم سے خواتین کے حقوق کے تحفظ کیلئے کام کیا۔ انہیں ایم کیو ایم کے اہم رہنماؤں میں سے ایک سمجھا جاتا ہے۔