پاکستان کے اسکواش پلیئر ناصر اقبال نے آسٹریلیا میں بیگا اوپن اسکواش ٹورنامنٹ جیت کر ملک کا نام روشن کردیا ہے۔ اس سے قبل بھی ناصر اقبال کی کارکردگی شاندار رہی۔
تفصیلات کے مطابق اسکواش پلیئر ناصر اقبال نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سیکنڈ سیڈ ہانگ کانگ کھلاڑی میتھیو لائے کو 0-3 سے شکست دے دی۔ ناصر اقبال کی کامیابی کا اسکور 6-11، 1-11 اور 3-11 ہے۔
ناصر اقبال کو بیگا اوپن پاکستانی اسکواش جیتنے پر 12 ہزار ڈالرز انعامی رقم دی جائے گی جو 33 لاکھ روپے کے لگ بھگ ہے جبکہ ناصر اقبال کے کیرئیر کا یہ 17واں ٹائٹل ہوگا۔ ناصر اقبال نے گزشتہ 5 میں سے 4 ٹورنامنٹ جیت کر بھی ملک کا نام روشن کیا تھا۔
بیگا اوپن اسکواش ٹورنامنٹ میں اس سے قبل ناصر اقبال نے سوئٹزرلینڈ کے رابن گیڈولا کو سنسنی خیز سیمی فائنل میچ کے دوران 3-1 سے شکست دے دی تھی۔ اسکواش کا مقابلہ اس وقت دلچسپ صورتحال اختیار کر گیا جب رابن گیڈولا نے دوسری گیم میں میچ برابر کردیا۔
تاہم ناصر اقبال نے اگلی دونوں گیمز میں اپنا پلڑا بھاری رکھتے ہوئے سیمی فائنل کی جیت اپنے نام کرلیا۔ سیمی فائنل میں ناصر اقبال کی کامیابی کا اسکور 6-11، 11-4، 2-11 اور 3-11 رہا۔ اس سے قبل ناصر اقبال نے پی ایس اے میں جیت کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے اپنی رینکنگ بہت بہتر کرلی تھی۔