سیالکوٹ کی باصلاحیت اور سریلی آواز کی مالک معروف گلوکارہ نائلہ آشبیل نے دنیا ٹی وی کے مشہور پروگرام “مذاق رات” میں اپنی مسحور کن گائیکی کا جادو جگا کر نہ صرف خود داد سمیٹی بلکہ حاضرین کے دل بھی جیت لیے۔
پروگرام میں نائلہ آشبیل نے جب اپنی مترنم آواز میں سحر انگیز گیت “دعا کی تلاش میں” پیش کیا تو سامعین ایک سحر میں مبتلا ہوگئے۔ ان کی دلکش گائیکی نے حاضرین کو جذباتی کر دیا اور ہر طرف داد و تحسین کی گونج سنائی دی۔ پروگرام کے میزبان، نامور اداکار عمران اشرف نے نہایت محبت اور شفقت کا اظہار کرتے ہوئے نائلہ آشبیل کے سر پر ہاتھ رکھا اور کہا:
آج میرے کانوں نے ایسی آواز سنی ہے جو حقیقی طور پر پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی ضرورت ہے۔ یہ آواز صرف ایک گلوکارہ کی نہیں بلکہ ایک مکمل موسیقی کا اثاثہ ہے۔
عمران اشرف نے اپنی گفتگو میں مزید کہا کہ نائلہ آشبیل کی سریلی، دلنشین اور جذبات سے بھرپور آواز فلم انڈسٹری کے لیے ایک قیمتی سرمایہ ثابت ہو سکتی ہے۔ انہوں نے پاکستانی فلم انڈسٹری کے بڑے پروڈیوسرز اور میوزک ڈائریکٹرز سے اپیل کی کہ اس ہنر مند گلوکارہ کی صلاحیتوں سے بھرپور استفادہ کیا جائے اور انہیں پلے بیک سنگنگ میں مواقع فراہم کیے جائیں تاکہ ان کی میٹھے سروں سے فلمی دنیا مزید نکھر سکے۔
پروگرام میں موجود حاضرین بھی نائلہ آشبیل کی گائیکی سے بے حد محظوظ ہوئے اور خوب تالیاں بجا کر داد دی۔ ان کی مدھر اور پُراثر آواز نے ہر دل کو چھو لیا، اور ان کے گائے گئے بول میں احساس کی شدت واضح طور پر محسوس کی گئی۔
اس موقع پر نائلہ آشبیل اور ان کے شوہر، معروف میوزک ڈائریکٹر آشبیل شاد نے پروگرام کے میزبان عمران اشرف اور پروڈیوسر حسیب علی کا خصوصی شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے دنیا نیوز کے پلیٹ فارم سے انہیں اپنی آواز کا جادو بکھیرنے کا موقع دیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ لمحہ ان کے لیے نہایت یادگار ہے اور وہ اپنی محنت اور لگن کے ذریعے موسیقی کے افق پر مزید کامیابیاں حاصل کرنے کی خواہشمند ہیں۔
پاکستانی میوزک انڈسٹری میں جہاں نئے گلوکار اپنی پہچان بنانے کے لیے کوشاں ہیں، وہیں نائلہ آشبیل اپنی منفرد اور جادوئی آواز کے ذریعے ایک روشن ستارہ بن کر ابھر رہی ہیں۔ موسیقی کے شائقین ان کی مزید گائیکی سننے کے منتظر ہیں اور امید ہے کہ ان کی صلاحیتوں کو جلد ہی فلمی دنیا میں بھی وہ مقام ملے گا جس کی وہ حقدار ہیں۔