ناہید شاہ درانی چیئرپرسن ای او بی آئی مقرر

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

ناہید شاہ درانی چیئرمین ای او بی آئی مقرر
ناہید شاہ درانی چیئرمین ای او بی آئی مقرر

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی: وفاقی حکومت نے مسز ناہید شاہ درانی کو چیئرپرسن ای او بی آئی مقرر کردیا ہے۔

 اسٹبلشمنٹ ڈویژن حکومت پاکستان کے جاری کردہ ایک نوٹیفکیشن کے مطابق پاکستان ایڈمنسٹریٹیو سروس کی گریڈ 22 کی افسر اور سیکریٹری فیڈرل ایجوکیشن اینڈ پروفیشنل ٹریننگ ڈویڑن ناہید شاہ درانی کو وزارت سمندر پار پاکستانی و ترقی انسانی وسائل حکومت پاکستان کے ذیلی ادارہ ایمپلائیز اولڈ ایج بینی فٹس انسٹی ٹیوشن (EOBI) کے چیئرمین کے عہدہ پر تعینات کردیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ ای او بی آئی کے چیئرمین کا عہدہ 27 اپریل 2022ء کو اس وقت کے چیئرمین شکیل احمد منگنیجو کے وزیر اعظم ہاو ٴس اسلام آباد میں تبادلہ کے بعد سے خالی پڑا تھا اور وفاقی حکومت نے عارضی طور پر ای او بی آئی کی ڈائریکٹر جنرل ایچ آر ڈپارٹمنٹ شازیہ رضوی کو ای او بی آئی کے قائم مقام چیئرپرسن کی ذمہ داری تفویض کر رکھی تھی۔

ناہید شاہ درانی نے 1989 میں ڈسٹرکٹ منیجمنٹ گروپ میں شمولیت اختیار کی تھی اور اسسٹنٹ کمشنر لاہور کی حیثیت سے اپنے درخشاں کیریئر کا آغاز کیا تھا۔ ناہید شاہ درانی گزشتہ تین دہائیوں کے دوران وفاقی حکومت سمیت صوبائی حکومت سندھ کے مختلف محکموں اور پبلک سیکٹر کے مختلف کارپوریشنوں میں اپنی غیر معمولی انتظامی اور مالیاتی صلاحیتوں کے جوہر دکھا چکی ہیں۔

ناہید شاہ درانی سندھ کے بزرگ سیاستدان اور سابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صاحبزادی اور سابق وفاقی سیکریٹری اقبال حسین درانی کی شریک حیات ہیں۔ آپ کے شریک حیات اقبال حسین درانی بھی حکومت پاکستان کے ایک چیدہ اعلیٰ افسر کی حیثیت سے مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دے چکے ہیں اور 2019 میں گریڈ 22 میں بطور سیکریٹری نیشنل سیکیورٹی آف پاکستان عہدہ سے ملازمت سے سبکدوش ہوئے تھے۔

اقبال حسین درانی اور ناہید شاہ درانی کو ملک کی بیوروکریسی میں یہ نمایاں اعزاز بھی حاصل ہے کہ وہ ملک کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک ساتھ گریڈ 22 میں فیڈرل سیکریٹری کے چیدہ عہدہ پر ترقی پانے والے واحد شریک حیات ہیں۔ ناہید شاہ درانی نے طویل عرصہ دوران ملازمت سیکریٹیریٹ اور فیلڈ دونوں شعبوں کے دائرہ کار میں تفویض کردہ قانون، انتظامی عملدرآمد، پبلک پالیسی، پلاننگ اینڈ منیجمنٹ، سرکاری خزانہ اور فنانشل منیجمنٹ، ڈیولپمنٹ پلاننگ، ایجوکیشن سیکٹر منیجمنٹ، ادارہ جاتیاصلاحات اور حکومت سندھ کے انوسٹمنٹ قلمدان کے امور نمایاں کامیابی سے انجام دیے۔

آپ نے سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ (SPPP) یونٹ کے ڈائریکٹر جنرل کی حیثیت سے صوبہ کے سب سے پہلے میگا انفرا سٹرکچر حیدرآباد میرپور خاص دورویہ کیرج وے کی تعمیر کا آغاز کیا تھا۔ ناہید شاہ درانی نے حکومت سندھ کے فنانس ڈپارٹمنٹ میں مختلف حیثیتوں میں دس برس کا طویل عرصہ گزارا ہے اور اس عرصہ کے دوران آپ صوبہ سندھ کے مالیات کے سرکاری خزانہ اور فنانشل منیجمنٹ سے سرگرم طور سے وابستہ رہی ہیں۔

آپ نے سندھ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ ( SPPP) یونٹ کی تشکیل بشمول اس کے ادارہ جاتی اور قانونی ڈھانچہ کی تیاری اور نگرانی کے فرائض بھی انجام دیے۔ آپ نے حکومت سندھ کی سیکریٹری سرمایہ کاری کی حیثیت سے صوبہ کے عوام کی فلاح وبہبود کے لئے دیگر اقتصادی اور فلاحی منصوبوں کا آغاز بھی کیا تھا۔

ناہید شاہ درانی کو تعلیم کے فروغ سے خصوصی لگاؤ ہے چنانچہ آپ نے سیکریٹری تعلیم حکومت سندھ کی حیثیت سے صوبہ کے نوجوانوں کے روشن مستقبل کے لئے سب سے زیادہ مصروف اور فائدہ مند تعلیمی اور تربیتی منصوبے شروع کئے۔

علاوہ ازیں آپ خدمت خلق کے جذبہ سے سرشار ہوکر پچھلے دس برسوں کے دوران صوبہ کے مختلف فلاحی اور خدمات مہیا کرنے والے متعدد سرکاری اور نجی اداروں سے رضاکارانہ طور پر بھی منسلک رہی ہیں۔

ناہید شاہ درانی اپنی بہترین انتظامی اور مالیاتی صلاحیتوں کی بدولت ملک کی 42 کمپنیوں کے بورڈز میں ڈائریکٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے چکی ہیں ۔ جن میں نارتھ سندھ یوٹیلیٹی کارپوریشن، سندھ رورل سپورٹ آرگنائزیشن دی سندھ انٹرپرائز ڈیولپمنٹ کمپنی اور پبلک اسکول گڈاپ قابل ذکر ہیں ۔ ناہید شاہ درانی حکومت سندھ کی ایویلیویشن کمیٹی آف دی کمیونٹی ڈیولپمنٹ بورڈ کی سربراہی انجام دینے کے علاوہ حکومت کے اعلیٰ سطح کے متعدد پروگراموں کی ڈیزائننگ اور نگرانی کے امور سے بھی وابستہ رہی ہیں ۔ جن میں صوبہ کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں ہنر مند اور انہیں روزگار کے باعزت مواقع فراہم کرنے کے لئے قائم سندھ ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (STEVTA)، دی بے نظیر شہید یوتھ ڈیولپمنٹ پروگرام (BBSYDP)، اور سندھ کے پسماندہ ہاریوں کو زرعی اراضی کی فراہمی کے لئے قائم
سندھ بے زمین ہاری پروگرام (SLHP) اور قصبوں اور شہروں کی یونین کونسل کی سطح پر تخفیف غربت پروگرام (UCBPRP) ،ڈیزائننگ آف سندھ ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر بحالی پروگرام سمیت حکومت سندھ کے اور دیگر عظیم تعلیمی، تربیتی اور فلاحی منصوبوں سے بھی بھرپور طریقہ سے وابستہ رہی ہیں۔

ناہید شاہ درانی سندھ کے غریب ہاریوں کی فلاح وبہبود کے قائم اسمال فارمرز کوآپریٹو اینڈ ہارٹیکلچلر ڈیولپمنٹ پروگرام میں بھی نمایاں طور سے خدمات انجام دے چکی ہیں۔آپ کی عوام دوست شخصیت میں کمیونٹی آرگنائزیشن اور کمیونیٹیز کے ساتھ کام کرنے کا جذبہ بدرجہ اتم موجود ہے اور اس مقصد کے تحت آپ بنیادی سطح (grass root level) سے منسلک مختلف فلاحی و سماجی منصوبوں کا آغاز کر چکی ہیں ۔

ناہید شاہ درانی سندھ ایجوکیشن فاؤنڈیشن،حکومت سندھ کے منیجنگ ڈائریکٹر کی حیثیت سے صوبہ میں تعلیم کے فروغ میں بھی نمایاں طور سے فرائض انجام دے چکی ہیں اور بعد ازاں پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ بورڈ کے چیئر پرسن کی حیثیت سے بھی خدمات انجام دے چکی ہیں ۔ ناہید شاہ وفاقی سطح پر سیکریٹری برائے موسمیاتی تبدیلی ڈویژن حکومت پاکستان میں بھی نمایاں طور سے خدمات انجام دے چکی ہیں اور حکومت پاکستان کے موسمیاتی تبدیلی ایکشن پروگرام برائے موسمیاتی تبدیلی اور مرکوز عوام پر عملدرآمد سے گہری وابستگی رکھتی ہیں ۔

ناہید شاہ درانی ای او بی آئی کی چیئر پرسن کی حیثیت سے تقرری سے قبل وفاقی سیکریٹری برائے وزارت وفاقی تعلیم اینڈ پروفیشنل ٹریننگ کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہی تھیں ۔ وفاقی حکومت کی جانب سے حکومت پاکستان کی ایک انتہائی باصلاحیت اور انتظامی، مالیاتی، سرمایہ کاری، تعلیمی اور فلاحی شعبوں میں گرانقدر خدمات کی شہرت کی حامل خاتون اعلیٰ افسر ناہید شاہ درانی کو ای او بی آئی کی سربراہ کے عہدہ پر تعیناتی کا فیصلہ ایک قابل تعریف اقدام ہے ۔

امید ظاہر کی جارہی ہے کہ محترمہ ناہید شاہ درانی کے ای او بی آئی جیسے قومی فلاحی ادارہ کی سربراہی سنبھالنے کے بعد وہ اپنے طویل انتظامی اور مالیاتی تجربہ کو بروئے کار لاتے ہوئے نہ صرف ای او بی آئی کو درپیش ادارہ جاتی سنگین انتظامی و مالیاتی چیلنجوں اور مسائل کے گرداب سے نکالنے میں کامیاب رہیں گی بلکہ ادارے میں بڑے پیمانے پر کرپشن کے خاتمہ، ادارہ جاتی اصلاحات کے نفاذ کے ساتھ ساتھ ای او بی آئی کے لاکھوں بیمہ دار افراد (Insured Persons) اور لاکھوں بزرگ پنشنرز کو درپیش گوناگوں مسائل کے حل کے لئے بھی فوری اقدامات کریں گی ۔

Related Posts