قومی احتساب بیورو نے بلدیہ عظمیٰ کراچی (کے ایم سی) کی تباہی کے مبینہ ذمہ دار دوہری شہریت کے حامل افسر مسعود عالم کو طلب کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق مسعود عالم میئر کراچی کے سب سے قریبی افسر سمجھے جاتے ہیں جو ہر جگہ میئر کراچی کے ساتھ ہوتے ہیں۔ باخبر ذرائع کے مطابق مسعود عالم کی طلبی کیلئے نیب نے ایک خط میئر کراچی کو ارسال کیا جو میئر سیکرٹریٹ کو موصول ہوگیا ہے۔
مذکورہ خطر میں کے ایم سی کے افسر مسعود عالم کو ان کی ملازمت کی دستاویزات اور ذاتی اثاثہ جات کی تفصیلات کے اتھ 27 جولائی کو پیر کے روز طلب کیا گیا۔واضح رہے کہ مسعود عالم کے ایم سی کے سب سے اعلیٰ عہدیداران جن میں ایڈمنسٹریٹرز، ناظم اور میئرز شامل ہیں، کے قریبی افسر رہے ہیں۔
ماضی میں جب مسعود عالم سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز کے ایم سی تھے، اس وقت کے ایم سی کے ذیلی محکمے سالڈ ویسٹ وار فائر بریگیڈ تباہی و بربادی کا شکار رہے۔ اب بھی میئر کراچی کی سرپرستی میں محکمے پر ان کی اجارہ داری قائم ہے۔ ذرائع کے مطابق مسعود عالم پاکستان کے ساتھ ساتھ کینیڈا کی شہریت رکھتے ہیں۔
ہر سال مسعود عالم 2 بار کینیڈا کا نجی دورہ کرتے ہیں۔ گزشتہ دنوں جب وہ کینیڈا پہنچے تو مبینہ طور پر انہیں نیب کی ہدایت پر ائیرپورٹ سے واپس کردیا گیا اور وہ کینیڈا نہ جاسکے۔ مسعود عالم محکمۂ جنگلات سندھ کے ملازم ہیں جو سابق میئر کی فرمائش پر کے ایم سی میں ضم کیے گئے۔
سپریم کورٹ کے احکامات کے برعکس کے ایم سی نے مسعود عالم کی خدمات محکمۂ جنگلات کو واپس نہیں کیں جو کے ایم سی کے ہر میونسپل کمشنر کی طرف سے توہینِ عدالت کے زمرے میں آتا ہے جن کی موجودگی میں مسعود عالم کے ایم سی کے اعلیٰ عہدوں پر فائز رہے اور تنخواہیں اور مراعات وصول کرتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: عدالتی فیصلے کے بعد نیب کو ختم کردینا چاہیے ،مسلم لیگ (ن)