اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) کی ٹیم حرکت میں آگئی، ن لیگی رہنما اور سابق وزیرِ داخلہ احسن اقبال کے خلاف بد عنوانی کے الزامات پر مبنی ریفرنس دائر کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں نیب نے ریفرنس دائر کردیا جس میں کہا گیا ہے کہ نارووال اسپورٹس سٹی کمپلیکس کے منصوبے میں سابق وزیرِ داخلہ نے اپنے اختیارات کو ناجائز طریقے سے استعمال کیا۔
نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیرِ داخلہ نے اپنے عہدے کا غیر قانونی فائدہ اٹھاتے ہوئے وفاق کے فنڈز صوبائی منصوبے پر خرچ کرائے۔
ن لیگی رہنما احسن اقبال کے ساتھ ساتھ سابق ڈی جی اسپورٹس بورڈ اختر نواز بھی نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس کے نامزد شریک ملزم ہیں۔
قبل ازیں نیب گزشتہ برس 23 دسمبر کو احسن اقبال کو گرفتار کرچکی ہے، نیب نے الزام لگایا تھا کہ احسن اقبال نے نارووال اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیر میں بدعنوانی کی۔
نیب کے الزام کے مطابق احسن اقبال نے کسی بھی مجاز اتھارٹی یا فورم کی منظوری کے بغیر نارووال منصوبے کی لاگت میں 63.11 ملین روپے کا اضافہ کیا۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی نے 11 ہزار ارب لے کر خسارے میں پھونک دیا۔احسن اقبال