کراچی میں قومی اسمبلی کی نشست کیلئے حلقہ این اے 249 کا ضمنی انتخاب آج ہورہا ہے جس کیلئے پولنگ کا عمل شروع کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 249 کیلئے تحریکِ انصاف، پیپلز پارٹی اور ن لیگ سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے امیدوار مقابلہ کر رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے امجد آفریدی، پیپلز پارٹی کے عبدالقادر مندوخیل اور ن لیگ کے مفتاح اسماعیل آمنے سامنے ہیں۔
قومی اسمبلی کی نشست کیلئے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) اور پاک سرزمین پارٹی کے علاوہ آزاد امیدوار بھی ضمنی انتخاب لڑ رہے ہیں۔ پولنگ کا عمل شروع ہوچکا ہے جس کیلئے کراچی کے 2 اضلاع میں آج عام تعطیل ہے۔ پولنگ کے دوران کراچی کے شہری اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں گے۔
این اے 249 کے ضمنی انتخاب کیلئے پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بلاتعطل شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ حلقے میں 184 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 92 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ضمنی انتخاب کے انعقاد کیلئے سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
حلقے میں خواتین ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 37 ہزار 935 ہے جبکہ مرد ووٹرز 2 لاکھ 1 ہزار 656 ہیں۔ مفتاح اسماعیل، مصطفیٰ کمال، عبدالقادر مندوخیل اور امجد آفریدی سمیت 30 امیدوار قومی اسمبلی کی نشست کیلئے مدِ مقابل ہیں۔ پولنگ کیلئے عوام کی بڑی تعداد گھروں سے نکل آئی۔
یہ بھی پڑھیں: وفاقی وزیر قانون کا سابق ڈی جی ایف آئی اے کے خلاف قانونی کارروائی کا اعلان