کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 کے ضمنی انتخاب کیلئے ضلع نگرپارکر، تھرپارکر سندھ میں پولنگ آج 8 بجے شروع ہوگئی۔
تفصیلات کے مطابق حلقہ این اے 221 میں قومی اسمبلی کی نشست کیلئے اپنے پسندیدہ نمائندے کو ووٹ دینے کیلئے عوام گھروں سے نکل آئے۔ الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق مجموعی طور پر 12 امیدوار ضمنی انتخاب میں حصہ لے رہے ہیں۔
قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 221 کی نشست پاکستان پیپلز پارٹی کے رکنِ اسمبلی نور محمد شاہ جیلانی کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کے بعد وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔ حلقے میں 318 پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
ضمنی انتخاب کیلئے قائم 318 پولنگ اسٹیشنز میں سے 13کو حساس جبکہ 95 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر 2 لاکھ 81 ہزار 900 ووٹرز اپنے پسندیدہ نمائندے کی جیت کیلئے ووٹ ڈالیں گے۔
حلقہ این اے 221 میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار میر علی شاہ جیلانی اور تحریکِ انصاف کے امیدوار نظام الدین راہموں کے مابین کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔ ڈسٹرکٹ رٹرننگ آفیسر (ڈی آر او) کے مطابق پولنگ آج صبح 8 بجے شروع ہوئی۔
پولنگ بلا تعطل آج شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔ مقامی انتظامیہ پولنگ اسٹاف کو اپنے پولنگ اسٹیشنز پر پہنچنے کیلئے سفری سہولیات مہیا کی ہیں۔ 4 ہزار سیکیورٹی اہلکار حلقے میں امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے ڈیوٹی پر تعینات ہیں۔
سندھ رینجرز کو بھی پولیس کے ہمراہ سیکیورٹی کیلئے تعینات کیا گیا ہے۔ مختلف پولنگ اسٹیشنز پر مجموعی طور پر 200 سی سی ٹی وی کیمرے بھی نصب ہیں۔ مرحوم رکنِ قومی اسمبلی محمد شاہ جیلانی نے وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کو ہرایا تھا۔
وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی کے مقابلے پر پی پی پی امیدوار نے 61 ہزار 903 ووٹ حاصل کیے تھے جس سے اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ حلقے میں پاکستان پیپلز پارٹی کا اثر و رسوخ ہے تاہم پی ٹی آئی امیدوار نظام الدین راہموں بھی پیپلز پارٹی کو ٹکر دینے کیلئے تیار ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: لیاقت خٹک نے ضمنی انتخاب میں ن لیگ کی حمایت کا الزام مسترد کردیا