مصطفی قتل کے ملزمان سے تفتیش کے بعد سی آئی اے پولیس نے ملک بھر کے پوش علاقوں میں کریک ڈاؤن شروع کردیا ہے، جس سے کاروباری شخصیات، بیوروکریٹس اور شوبز انڈسٹری میں کھلبلی مچ گئی ہے۔
یہ کارروائی مصطفی قتل کیس میں منشیات کی اسمگلنگ اور اس کی فروخت کے نیٹ ورک کا استعمال سامنے آنے کے بعد کی جا رہی ہے، جس کے دوران بڑے انکشافات سامنے آئے ہیں۔
پولیس نے اداکار ساجد حسن کے بیٹے ساحر حسن کو گرفتار کیا، جس سے تفتیش کے دوران اہم معلومات حاصل ہوئیں۔ ساحر حسن نے اعتراف کیا کہ وہ گزشتہ دو سال سے منشیات فروخت کر رہا تھا اور اس کا نیٹ ورک کافی وسیع تھا۔ تفتیش میں یہ انکشاف بھی ہوا کہ ساحر حسن نے مصطفی قتل کے ملزمان ارمغان اور شیراز کو بھی منشیات فراہم کیں۔
سی آئی اے پولیس نے بتایا کہ ساحر حسن کے قبضے سے 50 لاکھ روپے مالیت کی غیر ملکی برانڈ کی منشیات برآمد ہوئی ہے، جو بین الاقوامی سطح پر اسمگل کی جا رہی تھیں۔ ساحر حسن نے تفتیش کے دوران بتایا کہ یہ منشیات ملک بھر میں مختلف پوش علاقوں میں فروخت کی جا رہی تھیں، اور اس کی رسائی انتہائی بااثر افراد تک تھی۔
اس کارروائی کے بعد شوبز اور بزنس کمیونٹی میں ہلچل مچ گئی ہے اور سوالات اٹھ رہے ہیں کہ آیا اور کون سے اہم لوگ اس نیٹ ورک کا حصہ ہیں۔
ان انکشافات کے نتیجے میں ملک بھر سے اس دھندے میں کسی بھی طرح ملوث بزنس اور شوبز کی اہم شخصیات کی گرفتاریوں کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔