کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے مرکزی رہنما اور سابق میئر مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ عمران خان کے بیانیے کو ختم کرنے سے بات ختم نہیں ہوگی، لوگ عمران خان کے ساتھ کیوں تھے، اس کی وجہ جاننی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصطفیٰ کمال نے کہا کہ کیا عمران خان کے بیانیے کو ختم کرنے سے بات ختم ہوجائے گی؟ نہیں بلکہ جاننا ہوگا کہ لوگ عمران خان کے جھوٹ کے متعلق علم رکھنے کے باوجود ان کے ساتھ کیوں تھے؟
عمران خان کو تکبر نے یہاں تک پہنچایا۔ سعد رفیق
میڈیا سے گفتگو کے دوران ایم کیو ایم کے سابق میئر کراچی مصطفیٰ کمال نے کہا کہ وجہ جانے بغیر ریاست مخالف بیانیہ ختم نہیں ہوسکتا، لوگ عمران خان کی محبت میں نہیں، نفرت میں منسلک ہورہے تھے۔ سندھ میں عمران خان بیانیہ ختم ہوجائے تو مسائل ختم ہوجائیں گے؟
گفتگو کے دوران مصطفیٰ کمال نے کہا کہ شہرِ قائد کی آبادی سندھ کی آبادی کے مقابلے میں 50 فیصد زائد ہے۔ سندھ حکومت ہی کراچی کے مسائل کی وجہ ہے۔ پاکستان کے کوٹے سے سندھ کو 36 ہزار 370ملین گیلن پانی دیا جاتا ہے، اس میں سے کراچی 540 ملین گیلن پانی حاصل کرتا ہے۔
مصطفیٰ کمال نے کہا کہ لیاقت آباد کے لوگ لاہور شہر سے زائد ٹیکس کی ادائیگی کرتے ہیں۔ سندھ حکومت جعلی ڈومیسائل بنا کر کراچی کے نوکری کوٹے کو بھی چھین رہی ہے۔ کراچی کے باسیوں کو ایک نوکری بھی نہیں دی گئی۔ رات کو بجلی اور صبح کو گیس نہیں ہوتی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے طاقتور افراد جس کی زمین پر چاہتے ہیں دیوار کھڑی کرکے اسے اپنا بنا لیتے ہیں۔ وزیر اعلیٰ تعصب کی عینک نہیں اتارتے۔ کیا بلاول بھٹو سندھ کے شہری علاقوں کو محرومیوں میں ڈال کر وزیر اعظم بن سکیں گے؟ یہ تعصب روکنا ہوگا۔