کراچی پولیس نے مصطفیٰ عامر قتل کیس کے مرکزی ملزم ارمغان قریشی کے گھر پر چھاپے کے دوران کی سی سی ٹی وی فوٹیج جاری کردیں۔
پولیس کی جانب سے جاری کی گئی سی سی ٹی فوٹیج میں ڈی ایس پی احسن ذوالفقار اور ایک اہلکار کو زخمی حالت میں دیکھا جا سکتا ہے۔
سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مصطفیٰ عامر کے قتل کا مرکزی ملزم ارمغان قریشی ایک ماہر کی طرح خود کار ہتھیار چلاتا نظر آرہاہے۔
ارمغان نے ایم فور گن کے آگے ٹارچ بھی جلائی رکھی تھی، ملزم دو مرتبہ پولیس پر فائرنگ کر کے کمرے میں چلا گیا۔
8فروری کو پولیس کے چھاپے کے وقت ملزم ارمغان اپنے گھر میں برہنہ حالت میں گھوم رہا تھا جو فوٹیج میں دیکھا گیا۔
پولیس اہلکاروں کو ملزم ارمغان کے گھر میں داخل ہوتے ہوئے بھی دیکھا جا سکتا ہے، پولیس اہلکار گھر کے مختلف حصوں میں داخل ہوتے ہیں، ملزم ارمغان گھر کی بالائی منزل سے پولیس پر فائرنگ کرتا رہا۔
ملزم ارمغان کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے نیتجے میں سے ڈی ایس پی احسن ذوالفقار اور اہلکار زخمی ہوئے، زخمی پولیس افسر اور اہلکار فرش پر گھسیٹتے ہوئے باہر نکلے۔
جاری کردہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس موبائل کے ذریعے بنگلے کا دروازہ ٹکر مار کر کھولا گیا، سیڑھیوں کی جانب جب پولیس افسران و اہلکار پہنچے تو ملزم ارمغان نے فائرنگ شروع کردی۔