پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمان آج جمعۃ الوداع منا رہے ہیں جبکہ اسلام کے نزدیک جمعۃ الوداع کی اہمیت تمام دنوں سے افضل قرار دی جاتی ہے۔
دینِ اسلام کے مختلف حوالوں سے جمعۃ الوداع کی اہمیت ہر خاص و عام پر ثابت ہے جبکہ رمضان المبارک کے آخری جمعۃ المبارک کے روز کو جمعۃ الوداع کہا جاتا ہے۔
احادیثِ مبارکہ اور سنتِ نبوی ﷺ سے ہمیں یہ درس ملتا ہے کہ جمعۃ المبارک ہر ہفتے کے دنوں میں سب سے افضل ہے جبکہ جمعۃ المبارک کے سال بھر کے تمام دنوں میں جمعۃ الوداع افضل ہے۔
رمضان المبارک کے بابرکت مہینے کا آخری عشرہ جاری ہے جس کے دوران جمعۃ الوداع کی برکات سمیٹنے والے مسلمان آج مساجد میں جمع ہوکر اللہ تعالیٰ کی عبادت کریں گے۔
مسلمان نمازِ جمعہ کے اجتماعات میں خطبہ سنیں گے جس کے دوران جمعۃ الوداع کی تاریخی و دینی اہمیت اور افادیت پر آگہی دی جائے گی۔ علمائے کرام اللہ سے امت کی مغفرت کی دعا کریں گے۔