اسلام آباد: عوام نے مطالبہ کیا ہے کہ مری کو 25 لاکھ گیلن پانی مہیا کرنے کیلئے 18 گریڈ کے افسر کو تعینات کیا جائے جس کی آسامی گزشتہ 6 ماہ سے خالی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مری جوائنٹ واٹر بورڈ میں گریڈ 18 کے آفیسر کی سیٹ 6 ماہ سے خالی ہے۔ تحصیل مری کے شہری پانی جیسے بنیادی حق سے محروم ہیں۔ عوام کیلئے جوائنٹ واٹر بورڈ میں متعلقہ آفیسر موجود نہیں۔ ای اینڈ ایس میونسپل کمیٹی کے گریڈ 18 کے افسر کی سیٹ 6 ماہ سے خالی ہونے کے باعث عوام کو پانی کی فراہمی میں مشکلات کا سامنا ہے۔
باوثوق ذرائع کے مطابق مری میں ہر روز 25 لاکھ گیلن پانی کی ضرورت پڑتی ہے اور مستقل کمیٹی افسر کی غیر موجودگی میں شہر کو 12 لاکھ گیلن پانی مہیا کرکے فرض سے جان چھڑائی جارہی ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ عوام کے بنیادی حقوق کی فراہمی میں رکاوٹ ختم کرنے کیلئے جوائنٹ واٹر بورڈ کے گریڈ 18 کے افسر کو تحصیل مری میں تعینات کیا جانا چاہئے۔
مری کو پانی کی سپلائی میں رکاوٹ 2 اسسٹنٹ انجینئرز کی سیٹیں خالی ہونے کے باعث بھی پیدا ہورہی ہے۔ گزشتہ 2 ہفتوں سے مری میں پانی کی شدید قلت کے بعد شہریوں نے احتجاج کیا جس پر پی ٹی آئی مری کے صدر سہیل عرفان سے مری کو پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا، جس کے بعد سہیل عرفان عباسی نے پانی کیلئے واٹر ٹینک دھارا جاوا کا دورہ کیا۔
اس موقعے پر صدر پی ٹی آئی مری سہیل عرفان عباسی نے عوام کو یقین دلایا کہ مقامی شہریوں کے بنیادی حقوق سلب نہیں ہونے دیں گے۔ عوام کو صاف و شفاف پینے کا پانی مہیا کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے پانی کے مسائل کے حل کیلئے تحصیل انتظامیہ کے افسران سے میٹنگ کا عندیہ بھی دیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ تحصیل مری میں پانی کے مسائل اس وقت حل ہوسکتے ہیں جب دریائے جہلم سے واٹر سپلائی کا منصوبہ بحال کیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں: پانی کی پائپ لائن پھٹ گئی، پرانا گولیمار کا انڈر پاس ٹریفک کیلئے بند