کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے رہنما فیصل سبزواری کا کہنا ہے کہ ایم کیوایم نے اپنے دلائل سے قائل کیا کہ مردم شماری درست نہیں، حکومت نے ہماری 3 سفارشات تسلیم کیں ایک نہیں کی ہے۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ سندھ کے لوگوں کے شناختی کارڈ سے متعلق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کا بیان درست نہیں ہے۔ ہم ان متنبہ کرتے ہیں کہ ایسے باتیں بالکل نہ کریں۔
سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت کھانے پینے کی چیزوں کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہے، ڈپٹی کمشنرز کو زمینوں پر قبضہ کرنے کے لیے تعینات کیا گیا۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ تحریک انصاف کے ساتھ معاہدہ کیا جس پر حکومت عمل پیرا ہو رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کی سفارشات ماننے پر وزیراعظم عمران خان کے شکر گزار ہیں، ایم کیو ایم مردم شماری سے متعلق مشترکہ مفادات کونسل کے وعدے پر پہرہ دے گی۔
گذشتہ مردم شماری سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے رہنما ایم کیو ایم فیصل سبزواری کا کہنا تھا کہ وہ تاریخ کی سب سے متنازع مردم شماری تھی۔
یہ بھی پڑھیں : بھارت کو ایف اے ٹی ایف کی فہرست میں شامل کرنے پر صدر فیٹف کے مشکور ہیں، رحمان ملک