کراچی : ایم کیوایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے ضلع وسطی کے ڈپٹی کمشنر کی پوسٹ پر خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے مولانافضل الرحمان کے بھائی کو ڈی سی سینٹرل تعینات کرنے کو سیاسی اقرباپروری کی بدترین مثال قراردیتے ہوئے اسکی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
اپنے ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ سندھ کی متعصب حکومت نفرت اور استحصال کی آخری حدوں کو عبور کرچکی ہے اب تک نسل پرستی کی بنیاد پر سندھ کے شہری علاقوں کا استحصال کیا جارہا تھا لیکن اب پیپلز پارٹی اپنے سیاسی جرائم میں دوسری سیاسی جماعتوں کو شریک کررہی ہے جس سے سندھ کے شہری علاقوں میں موجود احساس محرومی احساس بے یگانگی میں تبدیل ہوسکتا ہے ۔
رابطہ کمیٹی نے مزید کہا کہ سندھ کے شہری علاقوں بالخصوص کراچی میں انہی ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے جعلی ڈومیسائل کی بنیاد پر لاکھوں غیر قانونی تقرریاں کی گئیں اور شہری علاقوں کے بیٹوں کا حق چھینا گیا ۔
ایم کیوایم پاکستان واضح کردینا چاہتی ہے کے سندھ کے شہری علاقوں کے عوام کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کے خلاف نہ صرف موثر آواز بنے گی بلکہ ہر فورم پر پیپلز پارٹی کی جاگیردارانہ سوچ رکھنے والی حکومت کا راستہ روکے گی۔
مزید پڑھیں:سندھ حکومت نے مولانا فضل الرحمان کے بھائی کوڈی سی سینٹرل تعینات کردیا