کراچی: وفاقی حکومت سے تعلقات میں پیشرفت کیلئے متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے مرکزی رہنماؤں کا وفد گورنر سندھ عمران اسماعیل سے آج ملاقات کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ عمران اسماعیل وفاق اور ایم کیو ایم (پاکستان) رہنماؤں کے درمیان ثالث کے طور پر میدان میں آ گئے ہیں، وزیرِ اعظم کی خصوصی ہدایت پر گورنر سندھ نے ایم کیو ایم کے اہم رہنماؤں سے گزشتہ روز رابطے کیے۔
متحدہ قومی موومنٹ کے سینئر مرکزی رہنما خالد مقبول کی سربراہی میں ایم کیو ایم (پاکستان) کا وفد آج گورنر سندھ سے ملاقات کرے گا، جس کے دوران متحدہ کے تحفظات، مردم شماری اور دیگر اہم معاملات زیرِ غور آئیں گے۔
ملاقات کے دوران 18ویں ترمیم، ضمنی انتخابات اور اپوزیشن کے ممکنہ استعفے بھی زیرِ غور آئیں گے۔ ملاقات میں کراچی سے منتخب پی ٹی آئی کے اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی سمیت اہم سیاسی رہنما شریک ہوں گے۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل گورنر سندھ عمران اسماعیل نے مردم شماری سے متعلق ایم کیو ایم کا مطالبہ درست قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کا مطالبہ جائز ہے، خود پی ٹی آئی میں بھی یہ بات ہورہی ہے، ایم کیو ایم کے ساتھ مردم شماری کا مسئلہ جلد از جلد حل ہوجائے گا۔
گورنر سندھ نے گزشتہ روز کہا کہ ایسا ممکن ہی نہیں کہ ایم کیوایم حکومتی اتحاد سے الگ ہوجائے، 2023 کے انتخابات سے پہلے نئی مردم شماری کرائی جاسکتی ہے۔واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) پاکستان نے 2 روز قبل وفاقی حکومت سے علیحدگی کا عندیہ دیا تھا۔
مزید پڑھیں: گورنر سندھ نے مردم شماری سے متعلق ایم کیو ایم کا مطالبہ درست قرار دیدیا