اسلام آباد: ملک بھر میں سیاسی پارہ ہائی ہوگیا، مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کے ایک دوسرے سے رابطوں میں تیزی آگئی، ایم کیو ایم کے وفد کی پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی ہے۔
ایم کیو ایم پاکستان کا وفد خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے لیے پہنچا تو پی ڈی ایم سربراہ مولانا فضل الرحمن نے ان کا خود استقبال کیا۔
مولانا فضل الرحمن سے ہونے والی ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے خالد مقبول صدیقی، امین الحق، وسیم اختر،عامر خان، کنور نوید شامل ہیں جبکہ جمعیت علمائے اسلام (ف) کی نمائندگی اکرم خان درانی، مولانا لطف الرحمان کر رہے ہیں۔
پی ڈی ایم سربراہ سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمن کا سیاست میں تجربہ ہم سے زیادہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے طے کیا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں سے رابطہ کریں گے، انہوں نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ جمہوریت کو نقصان نہ پہنچے۔
اس سے قبل متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کے وفد نے خالد مقبول کی قیادت میں زرداری ہاؤس میں سابق صدر آصف علی زرداری سے ملاقات کی تھی، ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئر مین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔
مزید پڑھیں: بزدار کی جگہ نئے وزیر اعلیٰ کا انتخاب، وزیراعظم نے 5رکنی کمیٹی تشکیل دیدی