کراچی: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 کے ضمنی انتخاب میں متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے امیدوار نے میدان مار لیا، غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق محمد ابوبکر کامیاب ہو گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 240 کا ضمنی انتخاب گزشتہ روز کراچی کے علاقے لانڈھی میں منعقد ہوا۔ ایم کیو ایم کے امیدوار محمد ابوبکر 10 ہزار 683 ووٹ لے کر کامیاب رہے۔
ہمارا کارکن شہید ہوا، ریاست قاتلوں کو گرفتار کرے، مصطفیٰ کمال
تحریکِ لبیک کے امیدوار شہزادہ شہباز 10 ہزار 618 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ ایم کیو ایم کے کارکنان نے محمد ابوبکر کی جیت پر جشن منایا اور سڑکوں پر بھنگڑے بھی ڈالے۔
دوسری جانب ٹی ایل پی نے این اے 240 ضمنی انتخاب کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکار کردیا۔ تحریکِ لبیک کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ ٹی ایل پی جیت رہی تھی، نتائج آخری وقت پر تبدیل کیے گئے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریکِ لبیک اور ایم کیو ایم (پاکستان) کے مابین حلقہ این اے 240 کے ضمنی انتخاب کیلئے کانٹے کا مقابلہ ہوا۔ ضمنی انتخاب کا حلقہ میدانِ جنگ بن گیا۔ صورتحال انتہائی کشیدہ رہی۔
ضمنی انتخاب کے دوران لانڈھی میں فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں 1 شخص جاں بحق جبکہ 4 زخمی ہوگئے تھے۔ سیاسی کارکنان زبردستی پولنگ اسٹیشنز میں گھس گئے۔
بعض پولنگ اسٹیشنز سے سرِ عام دھاندلی کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں، تاہم الیکشن کمیشن کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان کے امیدوار محمد ابوبکر کامیاب ہوگئے۔