لاہور:پاکستان کے مشہورومعروف عالمِ دین مولانا طارق جمیل نے کورونا ویکسین لگوا لی ہے، اس موقعے پر انہوں نے عوام سے ویکسین سے متعلق افواہوں پر یقین نہ کرنے کی اپیل بھی کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک نے کہا کہ معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل ویکسینیشن کیلئے کورونا ویکسینیشن سینٹر آئے اور ویکسین لگوائی۔
ڈی سی لاہور کے مطابق مولانا طارق جمیل نے عوام سے ویکسینیشن سے متعلق کسی افواہ پر کان نہ دھرنے کی اپیل کرتے ہوئے درخواست کی کہ کورونا سے بچاؤ کیلئے ویکسین ضرور لگوائیں۔
معروف مذہبی اسکالر مولانا طارق جمیل کی ویکسینیشن کے لئیے کورونا ویکسینیشن سینٹر آمد اور عوام کو ویکسینیشن سے متعلق کسی افواہ پر یقین نہ کرنے اور ویکسین لگوانے کی اپیل۔#LahoreCovidVaccinationDrive pic.twitter.com/jYg1ZAEwEn
— Deputy Commissioner Lahore (@DCLahore) May 30, 2021
یاد رہے کہ اِس سے قبل معروف عالم دین مولانا طارق جمیل نے کہا کہ میرے 10 مدرسے ہیں مگر گزشتہ برس کورونا کے باعث کاروبار بند ہو گئے۔ جو لوگ چندہ دیتے تھے، ان کے ہاتھ تنگ ہونے سے مجھے بڑا افسوس ہوا۔
نجی ٹی وی سے 12 روز قبل خصوصی گفتگو میں مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ہماری عوام کا مزاج تنقیدی ہے، کوئی عالم کاروبار کرے تو یہ ان کو ہضم نہیں ہوتا۔ عوام چاہتے ہیں عالم صرف مانگے، وہ کاروبار کر کے خوشحال ہو یہ ان کو برداشت ہی نہیں۔
مزید پڑھیں: زکوٰۃ مدرسے کے طلباء پرخرچ کرنا ٹھیک نہیں، مولانا طارق جمیل کا دعویٰ