متحدہ عرب امارات پہلی بار عالمی شہرت یافتہ مس یونیورس مقابلے میں شرکت کے لیے تیار ہے، جہاں تین بچوں کی ماں ماڈل ایمیلیا ڈوبریواملک کی نمائندگی کریں گی۔
مس یونیورس آرگنائزیشن کے آفیشل انسٹاگرام صفحے پر یو اے ای کی شرکت کا اعلان کیا گیا۔ایک انسٹاگرام پوسٹ میں انڈونیشیا کی کاروباری خاتون پوپی کیپیلا کو یو اے ای اور سائپرس کے لیے قومی ڈائریکٹر کے طور پر مقرر کیا گیا، جنہوں نے پہلے مس یونیورس انڈونیشیا اور ملائشیا کے لیے قومی ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دی تھیں۔
خلیج ٹائمز کے مطابق ایمیلیا ڈوبریواجو کہ ایک فیشن ماڈل ہیں اور تین بچوں کی ماں ہیں، ہفتہ 16 نومبر کو میکسیکو سٹی، میکسیکو میں منعقد ہونے والے 73 ویں مس یونیورس مقابلے میں ملک کی نمائندگی کریں گی۔ ایمیلیا ڈوبریوااس مقابلے کے نیشنل کاسٹیوم راؤنڈ میں عبایہ پہنیں گی۔
یہ ان کا پہلا مقابلہ نہیں ہے، اکتوبر میں انہیں مس یونیورس یو اے ای کا تاج پہنایا گیا، جہاں انہوں نے چار دیگر امیدواروں کو شکست دے کر ملک کے لیے ایک اہم کامیابی حاصل کی۔
مس یونیورس یو اے ای آرگنائزیشن نے انسٹاگرام پر ان کی “وقار، ذہانت، اور دوسروں کو بااختیار بنانے کے شوق” کی تعریف کی اور انہیں ایک مثالی شخصیت قرار دیا۔
ایمیلیا ڈوبریوا نے انسٹاگرام پر اپنی تصاویر شیئر کیں، جن میں وہ یو اے ای کا سیش پہننے ہوئے نظر آئیں اور لکھا، “مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ مجھے باضابطہ طور پر یو اے ای کے لیے اپنا سرکاری سیش مل گیا ہے۔ یہ میرے لیے اعزاز کی بات ہے کہ میں نہ صرف اپنی بلکہ دنیا بھر کی ناقابل یقین خواتین کی نمائندگی کر رہی ہوں۔”
انہوں نے مزید کہا “اور اس کو اور بھی خاص بنانے کے لیے میں اب خوبصورت میکسیکو میں ہوں! یہاں کی توانائی ناقابل یقین ہے اور میں شکر گزار ہوں کہ مجھے اس متحرک ثقافت کو تجربہ کرنے کا موقع مل رہا ہے۔ میں نے تھوڑی سی ہسپانوی زبان بھی سیکھنا شروع کر دی ہے اور میں اس حیرت انگیز سفر میں مزید لوگوں سے جڑنے کے لیے پرجوش ہوں۔”
ایمیلیا ڈوبریوا کون ہیں؟
ایمیلیا ڈوبریوا لندن میں پلی بڑھی ہیں اور بعد میں اپنے خاندان کے ساتھ یو اے ای منتقل ہوگئیں۔ انہوں نے 12 سال کی عمر میں ماڈلنگ کا آغاز کیا اور نیویارک فیشن ویک، چینگدو بیوٹی پیجینٹ، دبئی فیشن ویک اور ریاض فیشن ویک میں حصہ لے چکی ہیں۔