اسلام آباد: صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کیلئے کاروبار میں آسانی پیداکرنے اور اصلاحات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاہے کہ تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال ناگزیر ہے، صنعت کاروں کی مشاورت سے ٹیکسٹائل انڈسٹری کی بحالی ممکن ہوسکی ہے۔
جمعہ کو ایوانِ صدر میں ”آسان کاروبار پروگرام“کی لانچنگ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کا انعقاد بورڈ آف انوسمنٹ نے وزارت تجارت کے اشتراک سے کیا تھا۔
تقریب میں وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت اور سرمایہ کاری عبدالرزاق داؤد، بورڈ آف انوسٹمنٹ کے چیئرمین محمد اظفر احسن، غیرملکی سفارت کاروں، تاجرتنظیموں کے نمائندوں اور اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔
صدرِمملکت نے کہاکہ ملک میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے کاروبارمیں آسانیاں پیدا کررہے ہیں،کاروبار میں آسانی کیلئے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی، ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار سے روزگار کے نئے مواقع پیداہوں گے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پرکاروبار کے بارے میں پورٹل کے اجراء کو سراہتے ہوئے کہاکہ اس سے تاجروں اور سرمایہ کاروں کو پاکستان میں تجارت کے بارے میں آگاہی حاصل ہوگی۔
صدرمملکت نے کہا کہ تجارتی سرگرمیوں کو بڑھانے کے لیے ٹیکنالوجی کا زیادہ سے زیادہ استعمال ناگزیر ہے،کاروبار میں آسانی کے لیے مزید اقدامات کرنا ہوں گے۔
انہوں نے تقریب کے انعقاد پر بورڈ آف انوسٹمنٹ اوردیگر اداروں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اقوام اصلاحات سے ترقی کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے ملک کو فائدہ ہوگا، خواتین کو بھی ڈیجیٹل سیکٹر میں شامل کیا جارہا ہے۔
صدر مملکت نے کہا کہ صوبائی حکومتوں نے اس منصوبہ پر عملدرآمد کیلئے بورڈ آف انوسٹمنٹ کے ساتھ مکمل تعاون کیا ہے جو ایک مستحسن اقدام ہے۔
وزیر مملکت اور چیئرمین بورڈ آف انوسٹمنٹ محمد اظفر احسن نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بورڈ آف انوسٹمنٹ نے کاروباری ماحول کو سازگار بنانے کے لئے مختلف اقدامات کئے ہیں۔
ایک سو سے زائد اصلاحات پر عملدرآمد کیا گیا ہے جس سے پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار ماحول قائم کرنے میں مدد ملے گی، وفاقی اور صوبائی محکموں کے ساتھ 167اصلاحات پر غور کیا گیا، مجموعی طور پر 75 اداروں میں 115اصلاحات پر عملدرآمد کیا گیا۔
مزید پڑھیں: وزیر اعظم عمران خان کا نائیجریا کے ساتھ دفاعی تعلقات کومضبوط بنانے پر زور